متحدہ عرب امارات

یاس آئی لینڈ پر قائم ہونے والے ڈزنی لینڈ ابو ظہبی کے مقام کی پہلی جھلک سامنے آ گئی ہے۔ مئی 2025 میں اعلان کے بعد پہلی بار اس مجوزہ تھیم پارک اور ریزورٹ کی لوکیشن واضح ہوئی ہے۔

خلیج اردو
یاس آئی لینڈ پر قائم ہونے والے ڈزنی لینڈ ابو ظہبی کے مقام کی پہلی جھلک سامنے آ گئی ہے۔ مئی 2025 میں اعلان کے بعد پہلی بار اس مجوزہ تھیم پارک اور ریزورٹ کی لوکیشن واضح ہوئی ہے۔

والٹ ڈزنی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو رابرٹ باب آئیگر نے اتوار کی شب انسٹاگرام پر مستقبل کے ڈزنی لینڈ ابو ظہبی سائٹ کی تصاویر شیئر کیں۔ باب آئیگر نے تصاویر کے ساتھ لکھا کہ “اس مقام پر چلتے ہوئے جہاں ایک دن ڈزنی لینڈ ابو ظہبی قائم ہوگا، ابھی بہت کام باقی ہے لیکن سب کچھ انتہائی پُرجوش ہے”۔

ڈزنی لینڈ کے اعلان کے موقع پر باب آئیگر نے کہا تھا کہ “ابو ظہبی میں ہمارا ریزورٹ ڈزنی کے پورٹ فولیو کا سب سے جدید اور انٹرایکٹو ڈیسٹینیشن ہوگا، یہ خوبصورت واٹر فرنٹ پر قائم ہوگا جہاں ہم اپنی کہانیاں بالکل نئے انداز میں پیش کر سکیں گے”۔

اگرچہ پارک کے افتتاح میں ابھی کئی سال باقی ہیں، تاہم باب آئیگر کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر سے یاس آئی لینڈ پر اس کے مقام کی اب تک کی سب سے واضح نشاندہی ہو گئی ہے۔ فوربز کے مطابق یہ منصوبہ یاس آئی لینڈ کے شمالی ساحل پر قیمتی واٹر فرنٹ زمین پر تعمیر کیا جائے گا۔

ڈزنی لینڈ ابو ظہبی کو مکمل طور پر میرال ڈیولپ اور تعمیر کرے گا، جبکہ ڈزنی تخلیقی ڈیزائن اور آپریشنل نگرانی فراہم کرے گا۔ میرال پہلے ہی یاس آئی لینڈ پر فراری ورلڈ، وارنر برادرز ورلڈ، سی ورلڈ ابو ظہبی اور یاس واٹر ورلڈ جیسے عالمی معیار کے تفریحی منصوبے چلا رہا ہے۔

ڈزنی لینڈ ابو ظہبی کے اضافے سے یاس آئی لینڈ کو دنیا کے بڑے مربوط تفریحی مراکز میں شامل کرنے کی توقع ہے۔

یہ ڈزنی کا مشرق وسطیٰ میں پہلا تھیم پارک، دنیا بھر میں ساتواں ریزورٹ اور 2016 میں شنگھائی ڈزنی لینڈ کے بعد پہلا بڑا نیا پارک ہوگا۔ تعمیراتی کام ابتدائی مراحل میں ہے جبکہ باضابطہ سنگ بنیاد اور تفصیلی ٹائم لائن 2026 کے دوران سامنے آنے کا امکان ہے، ماہرین کے مطابق پارک کا افتتاح 2030 کی دہائی کے آغاز میں ہو سکتا ہے۔

باب آئیگر کے مطابق یہ پارک “ڈزنی کے جادو کو برقرار رکھتے ہوئے نمایاں طور پر اماراتی شناخت کا حامل ہوگا” اور جدید ٹیکنالوجی، معاصر طرزِ تعمیر اور ثقافتی عناصر کا حسین امتزاج پیش کرے گا۔

یہ منصوبہ نہ صرف ابو ظہبی بلکہ پورے خطے میں سیاحت اور تفریح کے منظرنامے کو نئی سمت دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button