
خلیج اردو
دبئی میں گلف فوڈ 2026 کا آغاز پیر کو ہوا، جہاں بڑی تعداد میں شرکاء نے ایونٹ کا رخ کیا۔ رواں برس یہ نمائش دو مقامات، دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر اور دبئی ایگزیبیشن سینٹر میں منعقد کی جا رہی ہے، جو حجم کے اعتبار سے گزشتہ سال کے مقابلے میں دگنی ہے۔
نمائش میں پیش کی جانے والی منفرد اور جدید مصنوعات نے خاص توجہ حاصل کی، جن میں 24 قیراط سونے کے ذرات والا منرل واٹر بھی شامل ہے۔ ازبکستان کی کمپنی اوکارڈ کے مطابق یہ پانی یورپ کی قدیم گولڈ مائننگ سائٹ پر تیار کیا جاتا ہے اور اس کی ایک بوتل کی قیمت تقریباً 360 درہم ہے۔
گلف فوڈ میں وائلڈ بی ہنی کی جانب سے شہد میں محفوظ کیے گئے موریل مشروم، مورنگا اور زعفران بھی پیش کیے گئے، جو ہیلتھ اینڈ ویلنَس کیٹیگری میں گلف فوڈ انوویشن ایوارڈ کے فائنلسٹ ہیں۔
پروٹین کے بڑھتے رجحان کو دیکھتے ہوئے لیئف کمپنی نے پروٹین واٹر متعارف کرایا، جس میں 10 گرام وہے پروٹین شامل ہے اور یہ مختلف فلیورز میں دستیاب ہے۔
سنگاپور کی کمپنی زیروپ نے بغیر چینی کے کیریمل پاپ کارن پیش کیا، جس میں مَنک فروٹ ایکسٹریکٹ استعمال کیا گیا ہے، جبکہ آسٹریا کی کمپنی ہولزمین نے تیار شدہ فریزڈ کیریملائزڈ پیاز متعارف کرائی، جس سے وقت اور محنت کی بچت ممکن ہے۔
دیگر نمایاں مصنوعات میں کولیجن اسٹرپس، چاکلیٹ ہمس، نیوٹریشنل ییست، یو اے ای کے پرچم کی شکل میں فروٹ بُوکے، اور پالک و چاکلیٹ سے بنی صحت بخش بسکٹس شامل ہیں۔






