
خلیج اردو
عمان میں سیاحوں کو لے جانے والی ایک کشتی الٹنے کے نتیجے میں تین فرانسیسی سیاح ہلاک جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ عمانی پولیس کے مطابق حادثہ منگل 27 جنوری کو پیش آیا۔
پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ کشتی میں 25 فرانسیسی سیاح، ایک ٹور گائیڈ اور کشتی کا کپتان سوار تھے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے دو سیاحوں کو موقع پر موجود ایمبولینس ٹیم نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
عمانی پولیس کے مطابق، “حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں”۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کشتی دارالحکومت مسقط کے شمال مغرب میں واقع دمانیّات جزائر کی جانب جا رہی تھی جو ڈائیونگ کے لیے مشہور مقام ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق کشتی خلیج عمان میں سلطان قابوس بندرگاہ سے تقریباً ڈھائی ناٹیکل میل کے فاصلے پر الٹی۔
فرانس کی وزارتِ خارجہ نے واقعے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ عمان میں سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ حکام اکثر سمندری خطرات اور بدلتے موسمی حالات کے بارے میں خبردار کرتے رہتے ہیں۔ ماضی میں بھی ڈوبنے اور سمندری حادثات کے کئی واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔






