متحدہ عرب امارات

دبئی میں سونے سے بنی دنیا کی پہلی سڑک تعمیر کی جائے گی

خلیج اردو
دبئی میں دنیا کی پہلی ’’گولڈ اسٹریٹ‘‘ تعمیر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جو سونے سے بنائی جائے گی اور دبئی کے گولڈ ڈسٹرکٹ میں قائم ہوگی۔

اس منصوبے کی مزید تفصیلات مرحلہ وار سامنے لائی جائیں گی۔ اس حوالے سے اعلان اس وقت کیا گیا جب اَثرا دبئی (Ithra Dubai) نے دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ کا باضابطہ آغاز کیا۔

گولڈ ڈسٹرکٹ کو دبئی کا نیا ’’ہوم آف گولڈ‘‘ قرار دیا جا رہا ہے، جہاں سونے اور جیولری سے متعلق تمام سرگرمیوں کو ایک ہی مقام پر یکجا کیا جائے گا۔

ڈسٹرکٹ میں ریٹیل، بلین، ہول سیل تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع شامل ہوں گے۔ دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ میں ایک ہزار سے زائد ریٹیلرز موجود ہیں، جن کا تعلق پرفیوم، کاسمیٹکس، گولڈ اور لائف اسٹائل سمیت مختلف شعبوں سے ہے۔

جواہرہ جیولری، ملبار گولڈ اینڈ ڈائمنڈز، الرومیزان اور تانشِق جیولری جیسے بڑے برانڈز پہلے ہی یہاں قائم ہیں، جبکہ جویالکّس نے 24 ہزار اسکوائر فٹ پر مشتمل اپنے سب سے بڑے مڈل ایسٹ فلیگ شپ اسٹور کے قیام کا اعلان کیا ہے۔

اَثرا دبئی کے چیف ایگزیکٹو عیسیٰ گلاڈاری کے مطابق دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ ’’روایت، وسعت اور مواقع‘‘ کو یکجا کرتا ہے۔

دبئی فیسٹیولز اینڈ ریٹیل اسٹیبلشمنٹ کے چیف ایگزیکٹو احمد الخجا کا کہنا تھا کہ
“سونا دبئی کی ثقافتی اور تجارتی شناخت کا اہم حصہ ہے، جو ورثے، خوشحالی اور کاروباری روح کی علامت ہے۔ اس منفرد منصوبے کے ذریعے ہم نہ صرف اس روایت کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں بلکہ اسے تخلیقی اور پائیدار مستقبل کے لیے نئی شکل بھی دے رہے ہیں۔”

اعداد و شمار کے مطابق 2024 سے 2025 کے دوران متحدہ عرب امارات نے تقریباً 53.41 ارب ڈالر مالیت کا سونا برآمد کیا، جس میں سوئٹزرلینڈ، برطانیہ، بھارت، ہانگ کانگ اور ترکی بڑے تجارتی شراکت دار رہے۔ اس عرصے میں یو اے ای دنیا کا دوسرا بڑا فزیکل گولڈ ٹریڈنگ مرکز رہا۔

ماہرین کے مطابق سونے سے بنی اس منفرد سڑک اور گولڈ ڈسٹرکٹ کے قیام سے دبئی عالمی سطح پر سونے کی تجارت اور سیاحت کے شعبے میں اپنی حیثیت مزید مستحکم کر سکے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button