
خلیج اردو
دبئی پولیس نے یو اے ای سوئٹ چیلنج کے دوران بنائی گئی بہترین ویڈیو پر رہائشیوں کے لیے 30 ہزار درہم تک نقد انعامات کا اعلان کیا ہے۔ عالمی سطح کے اس ٹیکٹیکل مقابلے کا ساتواں ایڈیشن 7 سے 11 فروری تک الرویہ میں منعقد ہوگا۔
دبئی پولیس کے مطابق یو اے ای سوئٹ چیلنج 2026 دنیا بھر کی سوئٹ ٹیموں کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا، جس میں مختلف ممالک کی ٹیمیں پانچ مقابلوں میں اپنی مہارت، حکمتِ عملی اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کریں گی۔
اس موقع پر پہلی بار سوئٹ کلپ ایوارڈ متعارف کرایا گیا ہے، جو یو اے ای کے رہائشیوں، بالخصوص طلبہ کے لیے کھلا ہوگا۔ بہترین ویڈیو بنانے والے کو 10 ہزار امریکی ڈالر، یعنی تقریباً 36 ہزار 700 درہم دیے جائیں گے، جبکہ دوسرے اور تیسرے انعامات کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
دبئی پولیس کے بریگیڈیئر جنرل عبید بن یعروف کے مطابق ماضی کے مقابلوں میں عوامی دلچسپی اور بڑی تعداد میں شرکت کے باعث اس بار رہائشیوں کو تخلیقی انداز میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ یو اے ای سوئٹ چیلنج 2026 کے لیے مجموعی انعامی رقم 2 لاکھ 60 ہزار امریکی ڈالر، یعنی تقریباً 10 لاکھ درہم ہوگی، جبکہ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 80 ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔
انتظامیہ کے مطابق بین الاقوامی ٹیموں کی دبئی آمد کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، اور اب تک 48 ممالک کی 114 ٹیمیں مقابلے کے لیے رجسٹریشن کرا چکی ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق سوئٹ چیلنج میں عوامی شمولیت اور تخلیقی سرگرمیوں کا اضافہ دبئی پولیس اور عوام کے درمیان تعلق کو مزید مضبوط بنانے کی ایک مؤثر کوشش ہے۔







