متحدہ عرب امارات

دبئی میں چاندی کی قلت، خریدار 15 فیصد تک اضافی قیمت ادا کرنے لگے

خلیج اردو
دبئی کی مارکیٹ میں چاندی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے، تاجروں کے مطابق اسٹاک تقریباً ختم ہو چکا ہے اور خریدار دھات حاصل کرنے کے لیے اضافی رقم ادا کرنے پر تیار ہیں۔ یو اے ای میں بڑھتی ہوئی طلب کے باعث سرمایہ کار مارکیٹ ریٹ سے فی کلوگرام دو ہزار درہم تک پریمیم دے رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دبئی میں اس وقت چاندی کی مارکیٹ قیمت تقریباً 16 ہزار 600 درہم فی کلوگرام ہے، تاہم فزیکل سلور بارز دستیاب نہیں اور جہاں کہیں موجود ہوں، وہ فوری طور پر زیادہ قیمت پر فروخت ہو جاتی ہیں۔

المنار گولڈ اینڈ ڈائمنڈز کے عمار اکرمـی کا کہنا ہے،
"اس وقت مارکیٹ میں چاندی دستیاب نہیں، ہمیں مسلسل انکوائریز مل رہی ہیں لیکن فزیکل اسٹاک ختم ہو چکا ہے، کچھ خریدار فی کلوگرام دو ہزار درہم اضافی دینے کو بھی تیار ہیں۔”

ان کے مطابق قلت خاص طور پر ریٹیل سرمایہ کاروں میں محسوس کی جا رہی ہے، جو روایتی طور پر چاندی کو سونے کے مقابلے میں سستا متبادل سمجھتے ہیں۔ "اب لوگ مقدار نہیں پوچھتے، اگر چاندی مل جائے تو فوراً خریدنا چاہتے ہیں،” انہوں نے کہا۔

دبئی گولڈ سوک میں کام کرنے والے سیلز مین راجی سوامی ناتھن نے بتایا،
"ہمارا چاندی کا اسٹاک گزشتہ ہفتے ختم ہو گیا تھا اور ابھی تک سپلائرز کی جانب سے نئی سپلائی کی تصدیق نہیں ہوئی۔ ہمیں روزانہ خریداروں کی کالز موصول ہو رہی ہیں۔”

ان کے مطابق کچھ سرمایہ کار اسپاٹ پرائس سے فی کلوگرام 1500 درہم تک اضافی ادا کرنے پر آمادہ ہیں تاکہ موقع ضائع نہ ہو۔

گولڈ اینڈ جیمز گیلری کے بانی عاصم دمودی کا کہنا ہے،
"چاندی کی طلب اس وقت عروج پر ہے، ہم نے اس سے پہلے ایسی دلچسپی نہیں دیکھی، قیمتیں تقریباً روزانہ بڑھ رہی ہیں۔”

ان کے مطابق جیسے ہی چاندی کی قیمت چند روز قبل 9 ہزار درہم فی کلوگرام سے اوپر گئی، سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ "لوگ چاندی کو طویل مدتی سرمایہ کاری کے طور پر دیکھ رہے ہیں اور موجودہ قلت نے طلب میں مزید تیزی پیدا کر دی ہے،” انہوں نے کہا۔

مارکیٹ ماہرین کے مطابق اگرچہ سپلائی بہتر ہونے پر پریمیم میں کمی آ سکتی ہے، لیکن موجودہ حالات میں جب تک فزیکل چاندی کی دستیابی محدود رہے گی، خریدار اضافی قیمت ادا کرتے رہیں گے، جو دبئی کی قیمتی دھاتوں کی مارکیٹ میں غیر معمولی دباؤ کی عکاسی کرتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button