
خلیج اردو
دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے اُم سقیم بیچ کی بڑی ترقیاتی اسکیم کا اعلان کیا ہے، جس پر 500 ملین درہم لاگت آئے گی۔ منصوبہ 3.1 کلومیٹر پر محیط اور 4 لاکھ 45 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر پھیلا ہوگا۔
منصوبے کے تحت بیچ پر سالانہ 60 لاکھ زائرین کے لیے سہولیات فراہم کی جائیں گی، جن میں بزرگ شہریوں اور معذور افراد کے لیے خصوصی انتظامات، نائٹ سوئمنگ، صحت مند سرگرمیاں اور تفریحی سہولیات شامل ہیں۔
پارکنگ کی گنجائش دوگنی کرکے 2,400 گاڑیاں کر دی جائے گی جبکہ جمیرا اسٹریٹ سے رسائی کے راستے بہتر بنائے جائیں گے۔ رہائشی علاقوں سے ٹریفک کو الگ رکھا جائے گا تاکہ آمدورفت میں آسانی ہو۔
منصوبے میں 1 لاکھ 30 ہزار مربع میٹر روشن ساحلی علاقہ، سمندری سرگرمیوں اور رات کے وقت تیراکی کے لیے مخصوص ہوگا۔ موسمیاتی تبدیلی اور سمندر کی سطح میں اضافے سے نمٹنے کے لیے جدید انجینئرنگ حل، دو کلومیٹر طویل حفاظتی دیوار اور اے آئی پر مبنی اسمارٹ سسٹم بھی شامل ہے۔
ماسٹر پلان میں چھ مرکزی داخلی راستے، 10 موبیلٹی حب، 11 ٹیکسی مقامات، سائیکل اور الیکٹرک اسکوٹر کے لیے مخصوص جگہیں شامل ہیں۔ 38 میٹر بلند مشاہداتی ٹاور دبئی کی بحری تاریخ سے متاثر ہوکر تعمیر کیا جائے گا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں شیخ حمدان نے کہا،
"یہ منصوبہ عوامی مقامات کو عالمی معیار کے مطابق بہتر بنانے اور اماراتی ورثے کو اجاگر کرنے کی ہماری مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔”
انہوں نے مزید کہا،
"دبئی کی خوبصورتی اس کے لوگ، اس کا وژن اور عالمی معیار کے ساحل ہیں، اور معیارِ زندگی کی بہتری ہماری اولین ترجیح رہے گی۔







