
خلیج اردو
راس الخیمہ میں واقع متحدہ عرب امارات کی بلند ترین چوٹی جبل جیس حالیہ بندش کے بعد دوبارہ عوام کے لیے کھول دی گئی ہے، تاہم اب پہاڑ تک رسائی کے لیے پیشگی بکنگ یا ویونگ ڈیک کا ٹکٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق پیر 2 فروری کو جبل جیس کا ماحول معمول سے کہیں زیادہ پُرسکون تھا، جہاں کم گاڑیاں نظر آئیں، کیونکہ متعدد افراد نئی داخلہ شرائط سے لاعلم تھے۔
انتظامیہ کے مطابق شدید موسم اور بڑے پتھروں کے سرکنے کے باعث بندش کے بعد اب صرف اُن افراد کو رسائی دی جا رہی ہے جن کے پاس مخصوص تفریحی سرگرمیوں یا 1484 بائے پیورو ریسٹورنٹ کی کنفرم بکنگ موجود ہو۔
سیکیورٹی چیک پوسٹ پر ویونگ ڈیک پارک کا 10 درہم کا ٹکٹ بھی دستیاب ہے، جس کے حامل افراد کو گنجائش اور سڑک کی صورتحال کے مطابق آگے جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔
جبل جیس کے ایک اہلکار نے بتایا، “پہاڑ پر گاڑیوں کی تعداد کو منظم کرنا سڑک کو مزید نقصان سے بچانے اور عوامی تحفظ کے لیے ضروری ہے۔”
انتظامیہ کے مطابق حالیہ بندش فلیش فلڈنگ نہیں بلکہ ایک بڑے راک سلائیڈ کے باعث ہوئی، جس کی مرمت زیادہ پیچیدہ ہے، تاہم متعلقہ ادارے مستقل بحالی کے لیے کام کر رہے ہیں۔
سیاحوں کا کہنا ہے کہ محدود رسائی کے باوجود جبل جیس کا قدرتی حسن اور پُرسکون ماحول ایک خوشگوار تجربہ ہے، جبکہ حکام نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ عارضی اقدامات کے دوران پیشگی منصوبہ بندی اور بکنگ کو یقینی بنایا جائے۔







