متحدہ عرب امارات

رمضان 2026: یو اے ای میں آداب، لباس، کھانے اور دفتری معمولات

خلیج اردو
رمضان المبارک 2026 کا آغاز 19 فروری کے قریب متوقع ہے، اس مقدس مہینے میں یو اے ای بھر میں روزمرہ معمولات، اوقاتِ کار اور سماجی رویوں میں تبدیلی آتی ہے، جس کا اثر روزہ داروں اور غیر روزہ داروں دونوں پر پڑتا ہے۔

رمضان اسلامی کیلنڈر کا مقدس ترین مہینہ ہے، اس دوران مسلمان دن کے اوقات میں کھانے پینے سے رک جاتے ہیں اور عبادات، قرآن کی تلاوت، صدقات اور ذکر میں زیادہ وقت گزارتے ہیں۔ یو اے ای میں رمضان کا ماحول مجموعی طور پر محسوس کیا جاتا ہے، چاہے مذہب کوئی بھی ہو۔

عوامی مقامات پر کھانے پینے پر بعض ریاستوں میں پابندی نہیں، تاہم روزہ داروں کے احترام میں کھانے، پینے یا چیونگم سے گریز کی تلقین کی جاتی ہے۔

رمضان کے دوران بیشتر ریسٹورنٹس اور کیفے کھلے رہتے ہیں، بعض جگہ غیر روزہ داروں کے لیے مخصوص حصے بنائے جاتے ہیں۔ سرکاری پورٹل u.ae کے مطابق افطار کے وقت مکمل سروس دوبارہ شروع ہو جاتی ہے، جبکہ کئی مقامات سحری تک کھلے رہتے ہیں۔

شاپنگ مالز عموماً رات گئے تک کھلے رہتے ہیں، جبکہ سپر مارکیٹس معمول کے مطابق کام کرتی ہیں۔

رمضان میں عام طور پر “رمضان کریم” یا “رمضان مبارک” کہا جاتا ہے، یہ الفاظ دوستوں، ساتھیوں اور اجنبیوں کے درمیان بھی خیر سگالی کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔

اس مہینے میں زبان کے استعمال پر خاص توجہ دی جاتی ہے، مسلمان گالی گلوچ، غیبت اور منفی گفتگو سے پرہیز کرتے ہیں، غیر روزہ داروں کو بھی اس کا خیال رکھنے کی تلقین کی جاتی ہے۔

لباس کے حوالے سے کوئی سخت ضابطہ نہیں، تاہم عوامی مقامات پر سادہ اور باوقار لباس پہننا احترام کی علامت سمجھا جاتا ہے، کندھوں اور گھٹنوں کو ڈھانپنے کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔

دفتری ماحول میں آجرین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ افطار کے قریب میٹنگز یا ڈیڈ لائنز نہ رکھیں، کیونکہ یہ وقت خاندان اور عبادت کے لیے مخصوص ہوتا ہے، اسی طرح تراویح کی نماز بھی رات کا اہم حصہ ہے۔

تحائف دینا لازمی نہیں، مگر کھجور یا سادہ کھانے کا تحفہ دینا خوشگوار روایت سمجھا جاتا ہے، خاص طور پر مسلمان دوستوں یا ساتھیوں کے درمیان۔

رمضان میں صبر، لچک اور ایک دوسرے کا خیال رکھنا سب سے اہم ہے، کیونکہ یہ مہینہ تحمل، ہمدردی اور باہمی احترام کا پیغام دیتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button