متحدہ عرب امارات

دبئی میں نیا سیاحتی منصوبہ اللیان اویسس، اوپن ایئر سنیما اور جھیل شامل

خلیج اردو
دبئی: دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے دبئی کے سیاحتی شعبے میں ایک نئے بڑے منصوبے اللیان اویسس کا اعلان کیا ہے، جو 1 کروڑ اسکوائر فٹ پر محیط ہوگا۔ اس منصوبے کا مرکزی حصہ 25 لاکھ اسکوائر فٹ پر پھیلی جھیل ہوگی، جبکہ تفریحی سہولیات، اسپورٹس ٹریکس، کیمپنگ ایریاز اور منفرد صحرائی سیاحت کے تجربات بھی شامل ہوں گے۔

اللیان اویسس کو چار بڑے حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں ہب پارک، فیملی پارک، کینین پارک اور ٹریلر پارک شامل ہیں۔ یہ سیاحتی مقام دبئی کے کارواں روٹ پر واقع ہوگا اور شہر کے مرکز سے تقریباً 50 منٹ کی مسافت پر ہوگا، جہاں سیاح پرسکون اور قدرتی ماحول میں صحرا کا تجربہ کر سکیں گے۔

منصوبے میں چار مختلف اویسس شامل ہوں گے۔ کیمپنگ اویسس میں 100 کاروان کیمپنگ سائٹس اور مکمل سہولیات سے آراستہ وزیٹر سینٹر ہوگا۔ گیدرنگ اویسس میں اوپن ایئر سنیما، ایمفی تھیٹر، آؤٹ ڈور تھیٹر اور فوڈ ٹرک پلازہ شامل ہوگا۔ فیملی اویسس میں 28 آرام گاہیں، بچوں کے کھیلنے کے مقامات اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ ریکری ایشن اویسس میں پائیدار قدرتی ماحول کے اندر مختلف سرگرمیاں، ریٹیل آؤٹ لیٹس اور خدمات دستیاب ہوں گی۔

یہ نیا سیاحتی مقام سالانہ تقریباً 3 لاکھ 30 ہزار سیاحوں کا استقبال کرے گا۔ اویسس میں 1,000 گاڑیوں کی پارکنگ، 14 کلومیٹر طویل پیدل چلنے اور سائیکل ٹریکس شامل ہوں گے، جن میں 4 کلومیٹر بلند راستے بھی شامل ہیں جو زمین سے پانچ میٹر بلند ہوں گے اور ال مرموم کے موجودہ راستوں سے منسلک ہوں گے۔

یہ منصوبہ دبئی کی بلیو اینڈ گرین روڈ میپ کے تحت 4 ارب درہم کے پیکیج کا حصہ ہے۔ منصوبے کے ذریعے دبئی میونسپلٹی نجی شعبے کے لیے تقریباً 3 لاکھ 65 ہزار اسکوائر میٹر پر مشتمل سرمایہ کاری کے مواقع بھی فراہم کر رہی ہے۔

شیخ محمد بن راشد کا کہنا تھا کہ دبئی کی شہری ترقی کا مقصد ایک پائیدار ماحول اور اعلیٰ معیارِ زندگی کی فراہمی ہے، جس کے لیے منصوبہ بندی میں انسان کو مرکزیت دی جاتی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button