متحدہ عرب امارات

رمضان 2026 میں یو اے ای سرکاری ملازمین کے اوقات کار کم، نیا شیڈول جاری

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات نے رمضان المبارک 2026 کے دوران سرکاری شعبے کے ملازمین کے لیے سرکاری اوقاتِ کار کا اعلان کر دیا ہے۔

فیڈرل اتھارٹی فار گورنمنٹ ہیومن ریسورسز کے مطابق پیر سے جمعرات تک دفتری اوقات صبح 9 بجے سے دوپہر 2:30 بجے تک ہوں گے، جبکہ جمعہ کے روز اوقات صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔ یہ اطلاق ان ملازمین پر نہیں ہوگا جن کی ملازمت کی نوعیت مختلف اوقات کی متقاضی ہو۔

اتھارٹی نے کہا ہے کہ وفاقی وزارتیں اور ادارے رمضان کے دوران منظور شدہ فلیکسی ورک ریگولیشنز پر عمل کر سکتے ہیں یا جمعہ کے دن زیادہ سے زیادہ 70 فیصد ملازمین کو ریموٹ ورک کی سہولت دے سکتے ہیں، بشرطیکہ مقررہ ضوابط کی پابندی کی جائے۔

ابوظبی میں قائم انٹرنیشنل آسٹرونومیکل سینٹر کے مطابق رمضان کا آغاز 19 فروری کو متوقع ہے، کیونکہ 17 فروری کو چاند نظر آنے کے امکانات "ناممکن یا انتہائی کم” قرار دیے گئے ہیں۔ ماہر فلکیات انجینئر محمد شوکت عودہ کے مطابق شعبان کے 30 دن مکمل ہونے کے بعد جمعرات کو یکم رمضان ہونے کا امکان ہے، تاہم حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹیاں کریں گی۔

عام دنوں میں وفاقی حکومت کا ورک ویک ساڑھے چار دن پر مشتمل ہوتا ہے، جس میں پیر سے جمعرات آٹھ گھنٹے اور جمعہ کو ساڑھے چار گھنٹے کام کیا جاتا ہے۔ جنوری 2022 سے ہفتہ اور اتوار کو سرکاری تعطیلات قرار دیا گیا ہے، جبکہ شارجہ میں سرکاری ملازمین کے لیے چار روزہ ورک ویک رائج ہے اور جمعہ، ہفتہ اور اتوار تعطیل ہوتے ہیں۔

رمضان میں اوقاتِ کار میں کمی سے ملازمین کو عبادات اور خاندانی مصروفیات کے لیے سہولت میسر آئے گی، جو ریاست کی سماجی ہم آہنگی کی پالیسی کا عکاس ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button