متحدہ عرب امارات

رمضان 2026 میں یو اے ای ہوٹلوں میں افطار و سحری کے نرخ بڑھنے لگے

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے مختلف ہوٹلوں میں رمضان 2026 کے دوران افطار اور سحری کے نرخوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کی بڑی وجہ مضبوط طلب اور مارکیٹ کی بحالی کو قرار دیا جا رہا ہے۔

ہوٹل انڈسٹری کے عہدیداران کے مطابق اگرچہ قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے تاہم اس کے ساتھ مہمانوں کیلئے سہولیات اور پیشکشوں میں بھی نمایاں وسعت کی گئی ہے جبکہ افطار اور سحری کی بکنگز ماضی کے مقابلے میں کافی پہلے کروائی جا رہی ہیں۔

یو اے ای مون سائیٹنگ کمیٹی کا اجلاس منگل کو چاند دیکھنے کیلئے متوقع ہے جبکہ رمضان المبارک بدھ یا جمعرات سے شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ایمن عاشور، جنرل منیجر البندر روٹانا نے کہا کہ 2026 میں افطار اور سحری کے نرخوں میں گزشتہ برس کے مقابلے میں معمولی اضافہ کیا گیا ہے جو مارکیٹ کے حالات اور آپریشنل اخراجات کے مطابق ہے۔

انہوں نے کہا کہ "قیمتوں میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کو بہتر تجربے کے ساتھ ہم آہنگ کیا جاتا ہے، اس سال ہم نے بوفے میں مزید پکوان، لائیو کوکنگ اسٹیشنز اور علاقائی و بین الاقوامی خصوصی ڈشز شامل کی ہیں۔”

اسی طرح یاسین محمود، جنرل منیجر دی ایچ دبئی نے بتایا کہ مڈ سے لگژری ہوٹل سیگمنٹ میں افطار کی قیمتوں میں 2025 کے مقابلے میں اضافہ ہوا ہے جبکہ سحری کی قیمتوں میں مختلف آفرز کے باعث مسابقت برقرار ہے۔

شمالی امارات میں افتخار حمدانی نے کہا کہ مضبوط طلب کے باعث کارپوریٹ اور گروپ افطار تقریبات دوبارہ کووڈ سے پہلے والی سطح پر آ رہی ہیں اور ہوٹل مہمانوں کیلئے روایتی عربی و بین الاقوامی کھانوں کے ساتھ لائیو انٹرٹینمنٹ اور ثقافتی سجاوٹ پر بھی سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ "مہمان صرف کھانے کیلئے نہیں بلکہ مکمل رمضان تجربے کیلئے ادائیگی کر رہے ہیں، جس میں ماحول، سروس اور تفریح سب شامل ہیں۔”

ماہرین کے مطابق اس سال نوجوانوں، خاندانوں اور کارپوریٹ گروپس میں روایتی ماحول اور رمضان ٹینٹس کی مانگ میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے جبکہ کئی کمپنیاں پورے ماہ کیلئے سحری مقامات پیشگی بک کرا رہی ہیں۔

یہ رجحان اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ رمضان المبارک میں سماجی تقریبات اب صرف کھانے تک محدود نہیں بلکہ ایک مکمل ثقافتی تجربے کی شکل اختیار کر چکی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button