خلیج اردو
دبئی میں رمضان المبارک کے دوران بچوں کو مساجد سے جوڑنے کیلئے متعارف کرائی گئی "رمضان پاسپورٹ اسٹیمپ” اسکیم کو اس سال مزید وسعت دے دی گئی ہے۔
اسلامک افیئرز اینڈ چیریٹیبل ایکٹیویٹیز ڈیپارٹمنٹ کے تحت جاری اس منفرد اقدام کا مقصد بچوں میں نماز کی پابندی اور نظم و ضبط جیسی اقدار کو فروغ دینا ہے۔
رواں سال "ایال الفریج” پروگرام کو دبئی بھر کی 300 سے زائد مساجد تک توسیع دی گئی ہے، جس میں 6 سے 12 سال کی عمر کے لڑکے اور لڑکیاں حصہ لے سکتے ہیں تاکہ رمضان کے دوران ان کا مساجد سے تعلق مضبوط بنایا جا سکے۔
بچوں میں خصوصی پاسپورٹس کی تقسیم 14 فروری سے شروع ہو چکی ہے، جن پر ہر روز نمازِ تراویح کی ادائیگی کے بعد مسجد کے امام کی جانب سے اسٹیمپ لگایا جائے گا۔
اس اقدام کے تحت رمضان تھیم پر مبنی آئس کریم ٹرک بس بھی مختلف مساجد کا دورہ کرے گی اور بچوں میں مٹھائیاں تقسیم کر کے خوشگوار مذہبی ماحول پیدا کیا جائے گا۔
یہ پروگرام "ولفہ سیزن” کا حصہ ہے جس کی نگرانی شیخہ لطیفہ بنت محمد بن راشد المکتوم کر رہی ہیں، جس کا مقصد حق اللیلہ، رمضان اور عید جیسے ثقافتی مواقع پر خاندانی اور سماجی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔
گزشتہ سال اس اسکیم کا انعقاد 180 مساجد میں کیا گیا تھا جس میں رمضان کے پہلے ہفتے کے دوران 2 ہزار سے زائد بچوں نے شرکت کی تھی۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے بچوں کیلئے رمضان ایک یادگار اور روحانی تجربہ بنے گا اور ان کا مساجد سے تعلق مزید مضبوط ہوگا۔







