
خلیج اردو
برطانوی بادشاہ King Charles III کے چھوٹے بھائی Prince Andrew کو سرکاری عہدے کے ناجائز استعمال کے شبہے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق شہزادہ اینڈریو پر الزام ہے کہ انہوں نے بطور تجارتی ایلچی کام کرتے ہوئے خفیہ سرکاری دستاویزات امریکی مجرم Jeffrey Epstein کو ارسال کیں۔ برطانوی پولیس کے مطابق انہیں تفتیش کیلئے حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ "مکمل جائزے کے بعد عوامی عہدے میں بدعنوانی کے الزامات کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، کیس میں عوامی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب وقت پر آگاہ کیا جائے گا۔”
سابق شاہی رکن، جو مرحوم ملکہ Queen Elizabeth II کے دوسرے بیٹے ہیں، ماضی میں ایپسٹین سے اپنے تعلقات پر کسی بھی غلط کام کی تردید کرتے رہے ہیں، تاہم تازہ امریکی دستاویزات کے اجرا کے بعد انہوں نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
شہزادہ اینڈریو اس نوعیت کے الزام میں گرفتار ہونے والے پہلے سینئر برطانوی شاہی فرد بن گئے ہیں، جس سے شاہی خاندان کو اپنے دور کا بڑا سکینڈل درپیش ہو سکتا ہے۔
بادشاہ چارلس نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "ہمیں اس معاملے پر شدید تشویش ہے، قانون کو اپنا راستہ اختیار کرنا چاہیے، شاہی خاندان مکمل تعاون کرے گا۔”
ماہرین کے مطابق اگر جرم ثابت ہوا تو عوامی عہدے میں بدعنوانی پر عمر قید تک سزا سنائی جا سکتی ہے، جس کی سماعت کراؤن کورٹ میں ہوگی۔
یہ پیش رفت برطانوی شاہی خاندان کیلئے ایک نئے آئینی اور اخلاقی بحران کو جنم دے سکتی ہے۔







