متحدہ عرب امارات

منشیات کے خلاف جنگ: متاثرین کے اہلخانہ آئی سی سی ٹرائل میں شرکت کیلئے تیار

خلیج اردو
فلپائن کے سابق صدر روڈریگو دوتیرتے کی منشیات کے خلاف مہم کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کے اہلخانہ نے کہا ہے کہ وہ عالمی عدالت میں مقدمے کی کارروائی میں شرکت کیلئے تیار ہیں۔

متاثرہ خاندانوں میں شامل لورے پاسکو اور شیرا اسکودیریو ان دنوں نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں موجود ہیں جہاں آج تئیس فروری کو انٹرنیشنل کریمنل کورٹ میں الزامات کی توثیق سے متعلق ابتدائی سماعت شروع ہو رہی ہے۔

لورے پاسکو کے دو بیٹے کرسینٹو اور خوان کارلوس لوزانو مئی دو ہزار سترہ میں ایک ہی دن قتل کر دیے گئے تھے جبکہ شیرا اسکودیریو کے اٹھارہ سالہ بھائی ایفریم کو اسی سال ستمبر میں ہلاک کیا گیا تھا۔

اہلخانہ کا کہنا ہے کہ وہ نو سال سے اس دن کے منتظر تھے اور اب عدالت میں دوتیرتے پر باضابطہ فرد جرم عائد ہوتے دیکھنے کیلئے تیار ہیں۔ لورے پاسکو نے کہا "ہم اس کارروائی میں شرکت کیلئے تیار ہیں اگر آئی سی سی ہمیں موقع فراہم کرے”۔

تاہم انہوں نے اس بات پر مایوسی کا اظہار کیا کہ روڈریگو دوتیرتے نے پیر سے جمعرات تک ہونے والی سماعتوں میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

متاثرین کے اہلخانہ کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کے وکلاء اور کارکنان بھی منیلا سے دی ہیگ پہنچ چکے ہیں تاکہ اس تاریخی عدالتی کارروائی میں شرکت کر سکیں۔

ادھر فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں بشپ جیراڈو المینازا نے اتوار کے روز انصاف اور سچائی کیلئے خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا جس میں متاثرہ خاندانوں نے شرکت کی۔

چرچ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ ہلاکتیں محض تشدد کے واقعات نہیں بلکہ ایک منظم پالیسی کا نتیجہ تھیں جس نے بنیادی انسانی حقوق کو متاثر کیا۔

ماہرین کے مطابق عالمی عدالت میں یہ کارروائی فلپائن میں انسانی حقوق سے متعلق احتساب کے عمل میں اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button