متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں عیدالفطر کے موقع پر چار روزہ طویل تعطیلات کا امکان، چاند نظر آنے یا نہ آنے کی صورت میں سرکاری چھٹیوں کی ممکنہ تاریخیں سامنے آگئیں

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کا پہلا ہفتہ گزرتے ہی شہری عیدالفطر کی تعطیلات کی منصوبہ بندی کرنے لگے ہیں، جو سال کی طویل ترین سرکاری چھٹیوں میں شمار ہوتی ہیں۔

اسلامی ہجری کیلنڈر کے مطابق رمضان المبارک نوواں مہینہ ہے جو انتیس یا تیس دنوں پر مشتمل ہوتا ہے، جس کے بعد شوال کا آغاز ہوتا ہے اور یکم شوال کو عیدالفطر منائی جاتی ہے۔

ماہرین نے رمضان المبارک کے ممکنہ اختتام اور عیدالفطر کی تعطیلات کے دورانیے سے متعلق پیشگوئیاں جاری کر دی ہیں۔ امارات کی رویت ہلال کمیٹی اٹھارہ مارچ بروز بدھ کو انتیسویں رمضان المبارک کے موقع پر چاند دیکھنے کیلئے آسمان کا جائزہ لے گی۔

اگر اٹھارہ مارچ کی شام چاند نظر آ گیا تو عیدالفطر انیس مارچ بروز جمعرات کو ہو گی جبکہ سرکاری تعطیلات انیس سے اکیس مارچ تک ہوں گی، یوں اتوار کی ہفتہ وار چھٹی ملا کر چار روزہ تعطیلات میسر آئیں گی۔

دوسری صورت میں اگر چاند نظر نہ آیا تو رمضان المبارک کے تیس روز مکمل ہوں گے اور عیدالفطر بیس مارچ بروز جمعہ کو منائی جائے گی۔ نئے ضابطے کے تحت تیسواں روزہ بھی سرکاری تعطیل ہو گا، جس کے باعث انیس سے بائیس مارچ تک چار روزہ تعطیلات حاصل ہوں گی۔

دبئی آسٹرونومی گروپ کی آپریشنز منیجر خدیجہ احمد کے مطابق فلکیاتی حسابات سے ظاہر ہوتا ہے کہ رمضان المبارک تیس دنوں پر مشتمل ہو سکتا ہے، جس کی صورت میں عیدالفطر بیس مارچ کو متوقع ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ تعطیلات شہریوں کو مذہبی عبادات کے ساتھ ساتھ اہلخانہ کے ساتھ وقت گزارنے کا بھی موقع فراہم کریں گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button