
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات نے رمضان المبارک 2026 کے دوران 3 لاکھ ٹن سے زائد اضافی خوراک مستحق خاندانوں تک پہنچانے کا ہدف مقرر کر لیا ہے جس سے 10 ہزار سے زائد کم آمدن والے گھرانوں کو فائدہ پہنچے گا۔
یہ قومی مہم نیشنل فوڈ لاس اینڈ ویسٹ انیشی ایٹو ne’ma کے تحت چلائی جائے گی جس کے دوران ابو ظہبی، دبئی، العین، شارجہ اور رأس الخیمہ میں خوراک کو محفوظ بنا کر ضرورت مند خاندانوں تک پہنچایا جائے گا۔
یہ پروگرام "ویلیوئنگ آور روٹس” مہم کے ذریعے نافذ کیا جائے گا جس کے تحت فارمز، ریٹیلرز اور ڈسٹری بیوٹرز سے بچ جانے والی تازہ اور محفوظ خوراک جمع کر کے فیملی افطار باکسز کی صورت میں تقسیم کی جائے گی۔
امارات فاؤنڈیشن کی چیف سسٹین ایبلٹی آفیسر اور اسٹیئرنگ کمیٹی کی سیکریٹری جنرل خُلود حسن النوئیس نے کہا، "رمضان پروگرام اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ شراکت دار ادارے قابلِ استعمال اضافی خوراک کو ضائع ہونے کے بجائے ضرورت مند خاندانوں تک پہنچانے کیلئے مشترکہ اقدامات کر رہے ہیں۔”
اس مہم میں 20 سے زائد فوڈ کمپنیاں اور ریٹیلرز حصہ لے رہے ہیں جن میں Majid Al Futtaim Group اور Agthia Group شامل ہیں جو تازہ زرعی پیداوار اور پیک شدہ خوراک فراہم کریں گے۔
رمضان المبارک کے دوران 50 سے زائد پیکنگ اور تقسیم کی سرگرمیاں شیڈول کی گئی ہیں جبکہ ہزاروں رضاکار مختلف مراکز پر خوراک کے ڈبے تیار کرنے میں حصہ لیں گے۔
یہ اقدام 2030 تک خوراک کے ضیاع میں کمی لانے کے قومی ہدف اور United Nations کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے مطابق کیا جا رہا ہے۔
یہ مہم اس بات کی عملی مثال ہے کہ اجتماعی کوششوں کے ذریعے خوراک کے ضیاع کو کم کر کے معاشرے کے مستحق طبقات کی مدد کی جا سکتی ہے۔







