
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے بعض علاقوں، خاص طور پر شارجہ اور دبئی میں منگل کی صبح شدید دھند چھا گئی، جس کی وجہ سے حدِ نگاہ چند سو میٹر تک محدود ہو گئی۔
ڈرائیورز نے احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے سست روی اختیار کی جس کے باعث معمول سے قبل ہی ٹریفک جام شروع ہو گیا۔ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے الیکٹرانک سائن بورڈز کے ذریعے ہدایت دی کہ گاڑی کی رفتار کم رکھیں، فاصلہ برقرار رکھیں اور فوگ لائٹس استعمال کریں۔
عینی شاہد عثمان ملک نے بتایا کہ "شارجہ انڈسٹریل ایریاز اور القصیص میں دھند کی شدت اتنی تھی کہ حدِ نگاہ تقریباً 200 میٹر رہ گئی تھی۔” انہوں نے کہا کہ سست روی اختیار کرنے سے حادثات سے بچا جا سکتا ہے، کیونکہ چھوٹے حادثے کی صورت میں رپورٹنگ میں ایک گھنٹہ یا زیادہ وقت ضائع ہو سکتا ہے۔
اہم شاہراہ E311 پر پولیس کی بھاری نفری موجود تھی تاکہ شدید موسم میں ڈرائیورز کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے، جبکہ شیخ محمد بن زاید روڈ پر بھاری گاڑیوں کو سڑک کے کنارے روکا گیا۔
بچوں کے اسکول بس کے شیڈول بھی متاثر ہوئے، کیونکہ گاڑیاں معمول سے کم رفتار پر چل رہی تھیں۔ مقامی رہائشی ام ای امان نے بتایا کہ صبح 6:30 بجے کے قریب ان کے علاقے میں دھند اتنی شدید تھی کہ مسجد بھی نظر نہیں آ رہی تھی۔
نیشنل سینٹر آف میٹیرولوجی نے ملک کے بیشتر حصوں میں ریڈ اور یلو الرٹس جاری کیے، جبکہ ابوظہبی پولیس نے ڈرائیورز سے کہا کہ وہ رفتار کی حد اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں، جس کے تحت دارالحکومت کی بیشتر سڑکوں پر 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار مقرر کی گئی ہے۔







