متحدہ عرب امارات

دبئی میں 2025 کی چوتھی سہ ماہی میں 8 لاکھ سے زائد پارکنگ جرمانے

خلیج اردو
دبئی میں عوامی پیڈ پارکنگ کی سب سے بڑی فراہم کنندہ کمپنی Parkin نے بتایا ہے کہ 2025 کی چوتھی سہ ماہی کے دوران 8 لاکھ 10 ہزار 200 پارکنگ جرمانے جاری کیے گئے، جو گزشتہ سال اسی عرصے کے 5 لاکھ 9 ہزار جرمانوں کے مقابلے میں 59 فیصد زیادہ ہیں۔

کمپنی کی سالانہ رپورٹ، جو دبئی فنانشل مارکیٹ میں جمع کرائی گئی، کے مطابق 2025 میں مجموعی جرمانوں کی تعداد 2 لاکھ 85 ہزار 100 تک پہنچ گئی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 113 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

بیان کے مطابق فیلڈ انفورسمنٹ ٹیم نے چوتھی سہ ماہی میں ایک کروڑ 15 لاکھ گاڑیوں کی رجسٹریشن پلیٹس اسکین کیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 129 فیصد زیادہ ہیں۔ اسی دوران اسمارٹ انسپیکشن گاڑیوں نے ایک کروڑ 75 لاکھ نمبر پلیٹس اسکین کیں، جو 154 فیصد اضافہ ہے۔ مجموعی طور پر 80 فیصد یعنی تقریباً 6 لاکھ 50 ہزار نوٹس عوامی پارکنگ خلاف ورزیوں پر جاری کیے گئے۔

کمپنی کے سی ای او انجینئر محمد عبداللہ العلی کے مطابق اس اضافے کی وجہ صارفین کی بڑھتی سرگرمیاں، پارکنگ پورٹ فولیو میں توسیع، ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال اور اسمارٹ اسکین گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہے۔ فروری 2025 میں کمپنی نے 27 تربیت یافتہ ڈرائیورز کو اسمارٹ اسکین گاڑیوں کیلئے تعینات کیا، جس سے آپریشنل استعداد میں اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق 2025 کی چوتھی سہ ماہی کے اختتام پر عوامی پارکنگ کی مجموعی تعداد 5 فیصد اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 93 ہزار 200 تک پہنچ گئی۔ اسی عرصے میں پارکنگ ریونیو 29 فیصد بڑھ کر 144.5 ملین درہم ہو گیا، جس کی ایک وجہ فی گھنٹہ اوسط ٹیرف کا 3.03 درہم تک پہنچنا بھی ہے۔

فی پارکنگ اسپاٹ اوسط آمدنی 608 درہم سے بڑھ کر 749 درہم ہو گئی جبکہ پیک آورز کے دوران آمدنی 80.9 ملین درہم رہی جو کل عوامی پارکنگ آمدنی کا 56 فیصد بنتی ہے۔

کمپنی کی سہ ماہی مجموعی آمدنی 47 فیصد اضافے کے ساتھ 389.4 ملین درہم کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی جبکہ سہ ماہی خالص منافع 53 فیصد اضافے سے 183.6 ملین درہم اور سالانہ منافع 48 فیصد اضافے سے 625.5 ملین درہم رہا۔

بورڈ نے شیئر ہولڈرز کی منظوری سے 2025 کی دوسری ششماہی کیلئے 343.7 ملین درہم (11.4574 فلس فی شیئر) نقد ڈیویڈنڈ تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی ادائیگی اپریل 2026 کے آخر میں متوقع ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق سخت نگرانی، ٹیکنالوجی کے استعمال اور ٹیرف میں اضافے نے کمپنی کی آمدنی اور منافع میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button