
خلیج اردو
دبئی حکام نے ہوٹلوں کو ہدایت دی ہے کہ پروازوں کی منسوخی سے متاثر سیاحوں کو نہ نکالا جائے اور انہیں سابقہ شرائط پر قیام میں توسیع دی جائے۔
Department of Economy and Tourism نے دبئی کے تمام ہوٹلوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ پروازوں کی منسوخی یا تاخیر سے متاثر ہونے والے سیاحوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں اور انہیں ہوٹل سے نہ نکالا جائے۔
محکمہ کی جانب سے جاری ای میل میں کہا گیا ہے، "وہ مہمان جو موجودہ صورتحال کے باعث چیک آؤٹ نہیں کر پا رہے، انہیں ابتدائی بکنگ کی شرائط کے مطابق قیام میں توسیع کی سہولت دی جائے، ایسے حالات میں کسی بھی مہمان کو بے دخل نہ کیا جائے۔”
حکام نے مزید ہدایت کی ہے کہ اگر کوئی مہمان اضافی قیام کے اخراجات برداشت کرنے سے قاصر ہو تو ہوٹل فوری طور پر متعلقہ ادارے کو مطلع کریں اور مہمان کے قیام کی تفصیلات فراہم کریں۔
یہ پیش رفت خطے میں امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث 1500 سے زائد پروازیں منسوخ ہونے کے بعد سامنے آئی ہے، جبکہ کئی یو اے ای ایئرلائنز نے پیر تک اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں۔
فلورا ہاسپیٹیلٹی کے چیف ایگزیکٹو محمد رفیع کے مطابق، "ہمیں مسافروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، ہماری پالیسی ہے کہ ایسے حالات میں نہ کرایوں میں اضافہ کیا جائے گا اور نہ ہی کسی سیاح کو ادائیگی نہ ہونے پر نکالا جائے گا۔”
دوسری جانب Department of Culture and Tourism – Abu Dhabi نے بھی دارالحکومت کے ہوٹلوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ پروازوں کی معطلی کے باعث سفر نہ کر سکنے والے مہمانوں کے قیام میں توسیع کریں جبکہ اضافی اخراجات متعلقہ اتھارٹی برداشت کرے گی۔
اس سے قبل UAE General Civil Aviation Authority نے اعلان کیا تھا کہ متاثرہ اور پھنسے ہوئے مسافروں کے رہائش اور خوراک کے اخراجات بھی حکومت برداشت کرے گی۔







