
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی سب سے بڑی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی ای اینڈ نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری فوجی کشیدگی کے دوران متاثرہ ممالک میں موجود اپنے صارفین کے لیے خصوصی رومنگ سہولیات کا اعلان کر دیا۔
کمپنی کے مطابق متاثرہ ممالک میں موصول ہونے والی رومنگ کالز کی حد 30 منٹ سے بڑھا کر 60 منٹ کر دی گئی ہے، اور یہ سہولت 9 مارچ تک دستیاب رہے گی۔
ای اینڈ نے یہ بھی اعلان کیا کہ صارفین کو 9 مارچ تک 25 جی بی مفت رومنگ ڈیٹا فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ موجودہ صورتحال میں اپنے اہل خانہ اور عزیزوں سے رابطے میں رہ سکیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ متاثرہ ممالک میں کی جانے والی رومنگ آؤٹ گوئنگ کالز پر منٹوں کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی۔ تاہم یہ سہولت صرف متحدہ عرب امارات یا متاثرہ ممالک کے مقامی آپریٹرز کے نمبروں پر کی جانے والی کالز کے لیے ہوگی۔
یہ خصوصی پیشکش تمام موبائل صارفین کے لیے دستیاب ہے جن میں ذاتی اور کاروباری دونوں قسم کے صارفین شامل ہیں، اور اس کا اطلاق سعودی عرب، عمان، قطر، بحرین، کویت، اردن اور عراق جیسے ممالک پر ہوگا۔
دوسری جانب کمپنی کی مالی کارکردگی بھی مضبوط رہی ہے۔ سال 2025 میں ای اینڈ کی آمدنی 23 فیصد اضافے کے ساتھ 72.9 ارب درہم تک پہنچ گئی جبکہ خالص منافع 34 فیصد بڑھ کر 14.4 ارب درہم ہو گیا۔
عالمی ادارے برانڈ فنانس کے مطابق کمپنی کی برانڈ ویلیو 7 فیصد اضافے کے بعد 16.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جس کے بعد یہ خطے کی دوسری سب سے قیمتی ٹیلی کام برانڈ بن گئی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق خطے میں جاری کشیدگی کے دوران رابطوں کی اہمیت بڑھنے کے باعث ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کی ایسی سہولیات صارفین کے لیے نہایت اہم ثابت ہو سکتی ہیں۔







