متحدہ عرب امارات

خلیجی ممالک میں فضائی حدود کی بندش کے بعد پھنسے مسافروں کو ریلیف، متحدہ عرب امارات، قطر اور کویت نے ویزوں میں توسیع اور جرمانوں کی معافی کا اعلان کیا

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات، قطر اور کویت نے خطے میں کشیدگی کے باعث فضائی حدود کی بندش سے متاثرہ مسافروں کو ریلیف دینے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مشرق وسطیٰ میں امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے بعد متعدد پروازیں منسوخ ہو گئیں جس کے باعث سیاح، وزٹ ویزا ہولڈرز اور بعض رہائشی خلیجی ممالک میں پھنس گئے۔

متحدہ عرب امارات کی وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹس سکیورٹی نے اعلان کیا ہے کہ جو سیاح یا رہائشی پروازوں کی منسوخی یا تاخیر کے باعث ملک سے روانہ نہیں ہو سکے ان پر اوور اسٹے جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا۔

یہ رعایت اٹھائیس فروری دو ہزار چھبیس سے ان سیاحوں پر لاگو ہو گی جو سیاحتی یا وزٹ ویزے پر موجود ہیں، یا وہ رہائشی جنہوں نے ملک چھوڑنے کے لیے اپنی رہائش منسوخ کر دی تھی۔

دوسری جانب کویت نے تمام وزٹ اور انٹری ویزوں میں خودکار طور پر ایک ماہ کی توسیع کا اعلان کیا ہے جبکہ بیرون ملک موجود رہائشیوں کو تین ماہ کی اضافی غیر حاضری کی اجازت بھی دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق تمام کارروائی الیکٹرانک نظام کے ذریعے ہو گی اور کسی کو دفتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

قطر نے بھی اعلان کیا ہے کہ اٹھائیس فروری سے تمام اقسام کے ویزوں میں ایک ماہ کی خودکار توسیع دی جائے گی اور اس پر کوئی فیس عائد نہیں ہوگی، تاہم جن افراد پر پہلے سے ویزا خلاف ورزی کے جرمانے ہیں انہیں پہلے ادا کرنا ہوگا۔

حکام نے شہریوں اور غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ موجودہ کشیدہ صورتحال میں احتیاط کریں، گھروں میں رہیں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔ ماہرین کے مطابق یہ اقدامات خطے میں فضائی سفر متاثر ہونے کے باعث ہزاروں مسافروں کو فوری ریلیف فراہم کریں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button