متحدہ عرب امارات

ایران کے حملوں کے باوجود متحدہ عرب امارات بحران پر قابو پانے کے قریب، قوم کو افواہوں سے بچنے کی ہدایت، حکام کا کہنا ہے دفاعی نظام نے سینکڑوں میزائل اور ڈرون تباہ کیے

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر حملوں کے باعث پیدا ہونے والا موجودہ بحران اب اختتامی مرحلے میں داخل ہو رہا ہے اور ملک اس پر قابو پانے کے قریب ہے۔

اماراتی صدر کے سفارتی مشیر انور قرقاش نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ ملک ایک فیصلہ کن مرحلے کے قریب ہے، تاہم انہوں نے اس مرحلے کی تفصیلات بیان نہیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات ایرانی جارحیت کے خلاف ثابت قدم ہے اور معاشرے اور ذرائع ابلاغ دونوں کی ذمہ داری ہے کہ غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں کے پھیلاؤ کو روکا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنگوں کے دوران غلط معلومات اور خوف پھیلانے کی کوششیں عام ہوتی ہیں، اس لیے عوام کو چاہیے کہ صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں اور غیر مصدقہ معلومات شیئر نہ کریں۔

وزارتِ دفاع کے مطابق بدھ کے روز فضائی دفاعی نظام نے ایران سے داغے گئے 6 بیلسٹک میزائل، 7 کروز میزائل اور 39 ڈرون تباہ کر دیے۔

وزارت نے بتایا کہ کشیدگی شروع ہونے کے بعد سے اب تک اماراتی دفاعی نظام 268 بیلسٹک میزائل، 15 کروز میزائل اور 1514 ڈرون کو نشانہ بنا چکا ہے۔

حملوں کے نتیجے میں اب تک 6 افراد ہلاک جبکہ 131 افراد زخمی ہوئے ہیں، متاثرین میں اماراتی، پاکستانی، نیپالی اور بنگلہ دیشی شہری بھی شامل ہیں۔

وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ملک کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اس قرارداد کا بھی خیر مقدم کیا ہے جس میں ایران کے میزائل اور ڈرون حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں فوری روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اماراتی حکومت کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے منشور کے تحت اسے اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے اور وہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق اپنے عوام اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button