
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں ایران کے حملوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے 6 شہریوں کے نام جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 8 ہو چکی ہے۔
جاں بحق افراد میں فلسطین سے علاء نادر عونی، پاکستان سے مریب زمان نثار، مظفر علی غلام اور اسماعیل سلیم خان، بنگلہ دیش سے احمد علی اور نیپال سے دیباس شریستھا شامل ہیں۔
اماراتی وزارت خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ عبداللہ بن زاید النہیان نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
انہوں نے فلسطین، پاکستان، بنگلہ دیش اور نیپال کے عوام سے بھی اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ یہ حملے امارات کی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
اماراتی حکام کے مطابق ایران کے حملوں کے آغاز سے اب تک فضائی دفاعی نظام نے 314 بیلسٹک میزائل، 15 کروز میزائل اور 1,672 ڈرونز کو تباہ کیا ہے، جبکہ 18 روز سے جاری حملوں میں اہم شہری تنصیبات، ہوائی اڈوں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ صورتحال بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2817 میں بھی ایران سے فوری طور پر حملے روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام کا حق محفوظ رکھتا ہے، جبکہ ملک میں سکیورٹی صورتحال مستحکم اور مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی سطح پر امارات کے ساتھ اظہار یکجہتی خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں اہم پیش رفت ہے۔







