
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں عیدالفطر کے موقع پر فیملیز کے لیے ساحلوں، پارکس اور ثقافتی سرگرمیوں سے بھرپور پروگرام ترتیب دیا گیا ہے تاکہ شہری اور سیاح خوشیوں بھرے لمحات گزار سکیں۔
عید کے دوران جمیرا 1، جمیرا 2، جمیرا 3، ام سقیم 1 اور ام سقیم 2 کے ساحلوں کو خصوصی طور پر فیملیز کے لیے مختص کیا گیا ہے، جہاں نائٹ بیچز سمیت پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا۔
دبئی میونسپلٹی کے تحت “سیزن آف ولفا” کے پروگرام میں مشرف نیشنل پارک، الممزر پارک اور زعبیل پارک میں عید کے پہلے دو دن شام 4 سے 7 بجے تک خصوصی تقریبات منعقد ہوں گی، جن میں لائیو پرفارمنس، روایتی مٹھائیوں کی تیاری کے مظاہرے اور تحائف کی تقسیم شامل ہے۔
پہلی بار ناد الشبا پارک میں بھی تیسرے دن عید کی تقریبات ہوں گی، جہاں بچوں کے لیے تعلیمی و تفریحی ورکشاپس، ثقافتی سرگرمیاں اور مشہور کرداروں کی شرکت متوقع ہے۔
اسی طرح چلڈرن سٹی میں بچوں کے لیے کھیلوں، مقابلوں اور مٹھائیوں کی تقسیم کے پروگرام رکھے گئے ہیں تاکہ وہ خوشیوں میں بھرپور حصہ لے سکیں۔
عید کے دوران ہزاروں افراد کی آمد کے پیش نظر دبئی میونسپلٹی نے صفائی اور سکیورٹی کے وسیع انتظامات کیے ہیں۔ 2800 سے زائد صفائی عملہ اور سینکڑوں گاڑیاں تعینات کی گئی ہیں تاکہ عوامی مقامات پر صفائی اور صحت کے اصولوں کو یقینی بنایا جا سکے۔
خوراک کی دکانوں، شاپنگ مالز، ہوٹلز، تفریحی مقامات اور شیشہ کیفے سمیت سینکڑوں مقامات پر معائنہ جاری ہے، جبکہ مہندی کے نمونوں کی لیبارٹری میں جانچ بھی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خریداری کے دوران اشیاء کی معیاد اور معیار ضرور چیک کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔
یہ اقدامات عیدالفطر کو محفوظ، خوشگوار اور یادگار بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں، جہاں تفریح اور احتیاط دونوں کو یکجا رکھا گیا ہے۔







