متحدہ عرب امارات

بارش اور ٹریفک میں پھنسے بچے کو کیموتھراپی کیلئے بروقت اسپتال پہنچایا گیا، یو اے ای پولیس اور ایمبولینس کی فوری کارروائی، انسانیت کی مثال قائم

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں شدید بارش اور ٹریفک کے باعث مشکل میں پھنسے ایک بیمار بچے کو بروقت اسپتال پہنچانے کیلئے پولیس اور ایمبولینس ٹیموں نے شاندار انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کیا۔

مصری نژاد خاتون لامیا عبدالعال کے مطابق وہ اپنے بیٹے کو کیموتھراپی کیلئے دبئی سے شارجہ لے جا رہی تھیں کہ شدید بارش اور ٹریفک کے باعث تین گھنٹے تک سڑک پر پھنس گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ تاخیر کے دوران بچے کی حالت بگڑنے لگی اور شوگر لیول کم ہونے لگا، جس پر ان کے شوہر نے پولیس سے مدد طلب کی۔

فوری طور پر شارجہ پولیس اور ایمبولینس سروسز حرکت میں آئیں، ایمبولینس نے بچے کو اپنے ساتھ لیا جبکہ پولیس نے راستہ کلیئر کرتے ہوئے گاڑی کو اسپتال تک بحفاظت پہنچایا۔

لامیا کے مطابق امدادی ٹیموں نے ایک لمحے کیلئے بھی بچے کو اکیلا نہیں چھوڑا اور پوری راہنمائی کے ساتھ انہیں اسپتال تک پہنچایا، جس سے ایک مشکل صورتحال میں امید کی کرن پیدا ہوئی۔

بچے کے معالج اور برجیئل کینسر انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ ڈاکٹر حمید الشمسی نے بھی پولیس اور ایمبولینس ٹیموں کی تعریف کرتے ہوئے اسے انسانیت اور پیشہ ورانہ مہارت کی بہترین مثال قرار دیا۔

واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی صارفین نے یو اے ای کی ایمرجنسی سروسز کی تعریف کی اور اسے انسانی جان کو اولین ترجیح دینے کی روشن مثال قرار دیا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ بروقت ردعمل اور مربوط حکمت عملی کسی بھی ہنگامی صورتحال میں قیمتی جانیں بچانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button