
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں بین الاقوامی نصاب کے تحت کام کرنے والے تعلیمی اداروں نے تیسری تعلیمی مدت کا آغاز آن لائن کیا ہے، جبکہ حکام کی جانب سے کیمپس کھولنے کے حوالے سے محتاط حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق تمام نجی تعلیمی اداروں میں 3 اپریل 2026 تک فاصلاتی تعلیم جاری رہے گی۔ وزارت تعلیم متحدہ عرب امارات اور دیگر متعلقہ ادارے طلبہ اور عملے کی حفاظت کو اولین ترجیح دے رہے ہیں، اسی لیے کلاسز میں واپسی مرحلہ وار اور سخت حفاظتی اقدامات کے تحت ہوگی۔
نالج اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ اسکولز اگر تمام حفاظتی تقاضے پورے کریں تو وہ کیمپس کھولنے کیلئے درخواست دے سکتے ہیں، تاہم ہر درخواست کا جائزہ الگ الگ لیا جائے گا اور منظوری بھی اسی بنیاد پر دی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کا ہفتہ وار جائزہ لیا جا رہا ہے، خاص طور پر خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں فیصلے کیے جائیں گے، اسی لیے اسکولوں کی مکمل بحالی کی حتمی تاریخ ابھی واضح نہیں۔
رپورٹس کے مطابق کئی بڑے تعلیمی اداروں نے 30 مارچ سے جزوی طور پر کلاسز بحال کرنے کیلئے درخواستیں دی ہیں، تاہم حکام نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ 3 اپریل تک آن لائن تعلیم ہی جاری رہے گی۔
طلبہ کیلئے آن لائن نظام کے تحت لائیو کلاسز، ریکارڈ شدہ لیکچرز اور اسائنمنٹس جاری ہیں، جبکہ اساتذہ اور انتظامیہ بھی مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام کے مطابق کام کر رہے ہیں۔
دوسری جانب والدین کیلئے بھی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں گھر سے کام، لچکدار اوقات کار اور دیگر انتظامات شامل ہیں تاکہ وہ بچوں کی تعلیم میں بہتر معاونت کر سکیں۔







