متحدہ عرب امارات

بارش کہاں برسی؟ متحدہ عرب امارات کے ان 5 علاقوں میں ریکارڈ توڑ بارش، بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں غیر یقینی موسمی صورتحال اور بادلوں کی گھن گرج کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس نے گرمی کا زور توڑتے ہوئے موسم کو خوشگوار تو بنا دیا ہے لیکن ساتھ ہی نظامِ زندگی کو بھی متاثر کیا ہے۔ نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی (NCM) نے ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والی بارش کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جن میں ساحلی اور پہاڑی علاقوں نے بازی مار لی ہے۔

سب سے زیادہ بارش کہاں ہوئی؟ (ٹاپ 5 علاقے) منگل، 24 مارچ 2026 کو ریکارڈ کی گئی بارش کے مطابق درج ذیل مقامات سرفہرست رہے:

  1. داس آئی لینڈ: 47.9 ملی میٹر (سب سے زیادہ)

  2. دینہ آئی لینڈ: 39.7 ملی میٹر

  3. جبل مبرح: 33.3 ملی میٹر

  4. جبل یانس: 31.6 ملی میٹر

  5. ابوظہبی کورنیش: 28.3 ملی میٹر

ریت کے بگولے، گرج چمک اور ژالہ باری بدھ کے روز دبئی اور ابوظہبی سمیت مختلف شہروں میں موسم نے پل پل رنگ بدلے۔ صبح 11 بجے کے قریب ابوظہبی میں پہلے تیز ہوائیں چلیں اور پھر اچانک ہلکی بونداباندی طوفانی بارش میں بدل گئی۔

محکمہ موسمیات کے ماہر ڈاکٹر احمد حبیب کے مطابق، ابوظہبی، العین، دبئی اور فجیرہ کے درمیانی صحرائی علاقوں میں ژالہ باری (اولے) بھی ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ سطح زمین پر درجہ حرارت زیادہ ہونے کی وجہ سے بادل تیزی سے بلندی کی طرف جاتے ہیں جہاں پانی کے قطرے برف میں تبدیل ہو کر اولوں کی شکل میں گرتے ہیں۔ راس الخیمہ کے علاقوں ‘الاشام’ اور ‘وادی القور’ میں بھی بڑے پیمانے پر ژالہ باری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

کیا مزید بارش ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ ابھی تھمنے والا نہیں ہے۔ جمعرات سے جمعہ کی صبح تک بارش کی دوسری لہر متوقع ہے، جس کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں مزید گرج چمک اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔

حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور خاص طور پر پہاڑی وادیوں اور نشیبی علاقوں میں جانے سے پرہیز کریں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button