
خلیج اردو
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال بدستور سنگین اور عدم استحکام کا شکار ہے، جبکہ آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال پاکستان سمیت پوری دنیا کی معیشت کو متاثر کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مذاکرات پاکستان کے امن کے عزم کا ثبوت ہیں اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔
پاکستانی مندوب کے مطابق مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ مسئلہ فلسطین ہے، اور اسرائیلی قبضے کا خاتمہ اور دو ریاستی حل ہی پائیدار امن کا واحد راستہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں میں 800 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جو انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔ ان کے مطابق غزہ امن منصوبے کے دوسرے مرحلے کو جلد مکمل کیا جانا چاہیے۔
مغربی کنارے میں غیر قانونی بستیوں کی توسیع بھی خطے میں امن کیلئے خطرہ بن رہی ہے، جس پر عالمی برادری کو فوری توجہ دینا ہوگی۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کا یہ مؤقف عالمی سطح پر سفارتی توازن اور مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔







