متحدہ عرب امارات

راس الخیمہ میں اتحاد پل کے قریب ای گیارہ شاہراہ جزوی طور پر بند، مرمتی کاموں کے باعث ٹریفک متاثر، حکام نے متبادل راستے استعمال کرنے اور منصوبہ بندی سے سفر کی ہدایت کر دی

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں شیخ محمد بن سالم روڈ (E11) کا ایک حصہ اتحاد پل کے قریب عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے، جہاں سڑک کی بہتری اور مرمت کے کام جاری ہیں۔

حکام کے مطابق بندش اتحاد پل کے قریب النادیہ سے ال دھیث ساؤتھ تک کے حصے کو متاثر کر رہی ہے، اور اس دوران ڈرائیورز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سروس روڈ استعمال کریں اور ورک زون کے بعد دوبارہ مرکزی شاہراہ میں شامل ہو جائیں۔

متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ یہ عارضی بندش پندرہ مئی تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر سے پہلے منصوبہ بندی کریں اور ٹریفک ہدایات پر عمل کریں تاکہ تاخیر سے بچا جا سکے۔

یہ پیش رفت حالیہ ٹریفک تبدیلیوں کا تسلسل ہے، جہاں شیخ محمد بن زاید روڈ (E311) پر بھی یوٹرن اور بائیں جانب موڑ عارضی طور پر بند کیے گئے تھے اور گاڑیوں کو متبادل راستوں کی جانب موڑا گیا تھا۔

حکام کے مطابق یہ تمام اقدامات ای گیارہ روڈ ڈویلپمنٹ منصوبے کا حصہ ہیں، جس کے تحت سڑک کو دو رویہ سے چار رویہ کرنے، سروس روڈ بنانے اور جدید ایل ای ڈی لائٹنگ، نکاسی آب، ٹیلی کمیونیکیشن اور دیگر سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔

مزید برآں منصوبے کے اگلے مرحلے میں اہم مقامات پر نئے پل اور سرنگیں تعمیر کی جائیں گی، جن میں ڈولفن جنکشن، ای گیارہ اور ای تین سو گیارہ کا سنگم، ریڈ ٹنل اور مینا العرب ٹنل شامل ہیں۔

یہ منصوبہ راس الخیمہ میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے اور شہریوں کو جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کی ایک بڑی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button