متحدہ عرب امارات

دبئی میں پراپرٹی ویزا قوانین میں بڑی نرمی، کم از کم سرمایہ کاری شرط ختم، اب افراد بغیر مخصوص مالیت کی جائیداد کے بھی دو سالہ رہائشی ویزا حاصل کر سکیں گے

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں پراپرٹی سرمایہ کاروں کیلئے دو سالہ رہائشی ویزا کے قوانین میں اہم تبدیلی کر دی گئی ہے، جس کے تحت اب واحد مالک کیلئے کم از کم سرمایہ کاری کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔

نئے ضوابط کے مطابق اگر کوئی فرد دبئی میں جائیداد کا اکیلا مالک ہے تو وہ بغیر کسی کم از کم قیمت کی شرط کے دو سالہ رہائشی ویزا حاصل کر سکتا ہے، جبکہ مشترکہ ملکیت کی صورت میں ہر شریک کے حصے کی مالیت کم از کم چار لاکھ درہم ہونا لازمی قرار دی گئی ہے۔

ویزہ حاصل کرنے کیلئے درخواست دہندہ کو جائیداد کی ملکیت کا ثبوت، بینک سے این او سی (اگر جائیداد رہن ہو)، پاسپورٹ کی کاپی، ہیلتھ انشورنس، اور دبئی پولیس سے جاری کردہ کریکٹر سرٹیفکیٹ جمع کروانا ہوگا۔ بعض ممالک کے شہریوں کو قومی شناختی کارڈ بھی پیش کرنا ضروری ہے۔

حکام کے مطابق نئے پراپرٹی سرمایہ کار ویزا کی فیس تقریباً 10,545 درہم مقرر کی گئی ہے، جبکہ تجدید کی فیس 8,215 درہم اور منسوخی کی فیس 1,239 درہم رکھی گئی ہے۔

درخواست دینے کیلئے آن لائن طریقہ کار متعارف ہے، جہاں امیدوار متعلقہ ویب سائٹ پر جا کر شرائط قبول کرنے، دستاویزات اپ لوڈ کرنے اور فیس ادا کرنے کے بعد درخواست مکمل کر سکتے ہیں۔

یہ اقدام دبئی میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کو مزید مستحکم بنانے کی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button