
خلیج اردو
یو اے ای میں روزگار کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جب کہ الحند گروپ نے 300 سے زائد آسامیوں پر بھرتی کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ بھرتی واک اِن انٹرویوز کے ذریعے کی جائے گی جو 3 مئی بروز اتوار شارجہ کے علاقے الحند ٹاور میں منعقد ہوں گے۔
انٹرویوز صبح 9 بجے سے 1:30 بجے تک جاری رہیں گے اور صرف وہ امیدوار درخواست دے سکیں گے جن کے پاس یو اے ای کا درست رہائشی ویزا موجود ہو۔
بھرتی مختلف عہدوں کیلئے کی جا رہی ہے جن میں سبمیشن آفیسرز، کاؤنٹر اسٹاف، سینئر مینیجرز، برانچ ہیڈز اور آپریشنز سے متعلق عہدے شامل ہیں۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ حالیہ گریجویٹس بھی درخواست دے سکتے ہیں، تاہم کچھ سینئر عہدوں کیلئے تجربہ رکھنے والے امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔
امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے سی وی، پاسپورٹ، رہائشی ویزا اور تعلیمی اسناد کی کاپیاں ساتھ لائیں اور وقت سے پہلے پہنچیں کیونکہ بڑی تعداد میں افراد کی آمد متوقع ہے۔
بھرتی کا عمل یو اے ای کے مختلف امارات میں قائم 16 مراکز کیلئے کیا جا رہا ہے، جس کے تحت کامیاب امیدوار ملک کے کسی بھی حصے میں تعینات کیے جا سکتے ہیں۔
یہ گروپ جلد ہی یکم جولائی سے اپنی خدمات شروع کرے گا، جبکہ معاہدے کے تحت پاسپورٹ، ویزا، او سی آئی کارڈ اور دیگر قونصلر خدمات فراہم کی جائیں گی۔







