متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں شینگن ویزا اپائنٹمنٹ کا بحران، یورپ سفر کے خواہشمند شہری آخری وقت میں سلاٹس کیلئے پریشان، جعلی ایجنٹس سے محتاط رہنے کی ہدایت

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں یورپ جانے کے خواہشمند مسافروں کو موسم گرما کی تعطیلات سے قبل شینگن ویزا اپائنٹمنٹس کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ بیشتر سلاٹس چند منٹوں میں بک ہو رہے ہیں۔

سفری ماہرین کے مطابق اسکولوں کی چھٹیوں اور بڑھتے ہوئے سفری رجحان کے باعث شینگن ویزا کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے شہری بار بار آن لائن پورٹلز چیک کرنے اور ویٹنگ لسٹ میں شامل ہونے پر مجبور ہیں۔

وی ایف ایس گلوبل کے حکام کے مطابق ویزا اپائنٹمنٹس مسلسل آن لائن جاری کی جاتی ہیں، اس لیے درخواست گزار باقاعدگی سے ویب سائٹ چیک کرتے رہیں۔ بعض ممالک نے ویٹنگ لسٹ کا نظام بھی متعارف کرا دیا ہے تاکہ خالی ہونے والی سلاٹس سے شہریوں کو فوری آگاہ کیا جا سکے۔

وی ایف ایس گلوبل کی ریجنل ہیڈ موناز بلی موریا نے خبردار کیا کہ جعلی ایجنٹس اضافی رقم کے عوض فوری اپائنٹمنٹ یا "گارنٹی ویزا” کا جھانسہ دے رہے ہیں، اس لیے شہری صرف سرکاری ذرائع استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ شینگن ویزا کیلئے سفر سے چھ ماہ پہلے درخواست دی جا سکتی ہے اور جلد درخواست دینا ہی آخری وقت کی پریشانی سے بچنے کا بہترین طریقہ ہے۔

حکام نے "ویزا شاپنگ” سے بھی خبردار کیا ہے، جس کے تحت بعض افراد کم سختی والے ممالک سے ویزا لینے کی کوشش کرتے ہیں۔ یورپی قوانین کے مطابق درخواست اسی ملک میں دینی ہوتی ہے جہاں سب سے زیادہ قیام متوقع ہو یا جہاں سے سفر کا آغاز ہو۔

ماہرین کے مطابق غلط معلومات، نام یا پاسپورٹ نمبر میں معمولی غلطی، نامکمل بینک اسٹیٹمنٹ یا نامکمل دستاویزات بھی ویزا تاخیر یا مسترد ہونے کی بڑی وجوہات بن رہی ہیں۔

حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ تصدیق شدہ سفری منصوبہ، ہوٹل بکنگ، سفری انشورنس اور مالی وسائل کے مکمل ثبوت کے ساتھ بروقت درخواست جمع کرائیں تاکہ مشکلات سے بچا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button