
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی متحدہ عرب امارات کی فتویٰ کونسل نے اعلان کیا ہے کہ ذوالحجہ 1447 ہجری کا چاند 17 مئی 2026 بروز اتوار دیکھا جائے گا۔
فتویٰ کونسل کے مطابق چاند دیکھنے کا عمل ملک بھر کی فلکیاتی رصدگاہوں اور متعلقہ مراکز کے تعاون سے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے انجام دیا جائے گا، جن میں مختلف رویت مراکز اور شارجہ و دبئی کے فلکیاتی ادارے شامل ہیں۔
اعلامیے کے مطابق اگر چاند نظر آ گیا تو ذوالحجہ کا آغاز 18 مئی بروز پیر سے ہوگا، جبکہ بصورت دیگر ذوالقعدہ کے 30 دن مکمل ہونے کے بعد نیا مہینہ 19 مئی سے شروع ہوگا۔
ذوالحجہ کے چاند کے اعلان کے ساتھ ہی یوم عرفہ اور عیدالاضحیٰ کی حتمی تاریخوں کا تعین ہوگا۔ فلکیاتی اندازوں کے مطابق عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم حتمی فیصلہ رویتِ ہلال کے بعد کیا جائے گا۔
یو اے ای حکومت پہلے ہی سرکاری ملازمین کیلئے 25 مئی سے 29 مئی تک عید کی تعطیلات کا اعلان کرچکی ہے، جبکہ ویک اینڈ شامل ہونے کی صورت میں یہ چھٹیاں 9 دن تک بڑھ سکتی ہیں۔
وزارت تعلیم کے مطابق طلبہ اور تعلیمی عملے کیلئے بھی عید اور وسط مدتی تعطیلات 25 سے 29 مئی تک ہوں گی، جبکہ بعض اداروں میں یہ وقفہ مزید طویل بھی ہو سکتا ہے۔
ذوالحجہ اسلامی کیلنڈر کا مقدس مہینہ ہے جس میں حج کی ادائیگی اور عیدالاضحیٰ کی عبادات انجام دی جاتی ہیں۔







