
خلیج اردو
شارجہ کے محکمہ انسانی وسائل نے اعلان کیا ہے کہ سرکاری ملازمین کو یوم عرفہ اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر پانچ روزہ تعطیلات دی جائیں گی۔
اعلامیے کے مطابق سرکاری دفاتر اور اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کیلئے چھٹیاں پیر 25 مئی سے شروع ہو کر جمعہ 29 مئی تک جاری رہیں گی، جبکہ دفاتر میں کام یکم جون بروز پیر سے دوبارہ شروع ہوگا۔
شارجہ حکومت چونکہ چار روزہ ورک ویک اور تین روزہ ویک اینڈ (جمعہ، ہفتہ اور اتوار) پر عمل پیرا ہے، اس لیے یہ پانچ روزہ تعطیلات مجموعی طور پر دس دن کے طویل وقفے میں تبدیل ہو جائیں گی۔
یہ پالیسی جنوری 2022 سے نافذ ہے جس کا مقصد ملازمین کی کارکردگی اور ورک لائف بیلنس کو بہتر بنانا ہے۔
تعطیلات کا شیڈول پہلے سے وفاقی حکومت کے سرکاری اعلان کے مطابق ہے، جو فیڈرل اتھارٹی فار گورنمنٹ ہیومن ریسورسز نے جاری کیا تھا۔
اسی طرح تعلیمی اداروں میں بھی عید کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ دبئی نالج اینڈ ہیومن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق طلبہ کی چھٹیاں بھی 25 مئی سے 29 مئی تک ہوں گی۔
نجی تعلیمی اداروں میں شارجہ میں چار روزہ اسکول ویک کے باعث طلبہ کو تقریباً 10 دن کی تعطیلات ملنے کا امکان ہے۔
وزارت تعلیم کے مطابق تیسرے سمسٹر کا وسط مدتی وقفہ اور عیدالاضحیٰ کی چھٹیاں بھی 25 سے 29 مئی تک ہی ہوں گی، جس کے بعد تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع کی جائیں گی۔







