
خلیج اردو
دبئی کی نجی فضائی کمپنی Flydubai نے پاکستان کیلئے اپنی پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔
کمپنی کے ترجمان کے مطابق متاثرہ پروازوں کے مسافروں سے براہِ راست رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں ری بکنگ اور ریفنڈ کے آپشنز فراہم کیے جا سکیں۔
ترجمان نے کہا کہ جن مسافروں نے ٹریول ایجنٹس کے ذریعے ٹکٹ خریدے ہیں وہ مزید معلومات اور سہولت کیلئے اپنے متعلقہ ایجنٹس سے رابطہ کریں۔
فلائی دبئی پاکستان کے مختلف شہروں لاہور، اسلام آباد، پشاور، کراچی، فیصل آباد، کوئٹہ، سیالکوٹ اور ملتان کیلئے پروازیں چلاتی ہے۔
13 مئی کو کمپنی کی ویب سائٹ پر اسلام آباد، لاہور اور پشاور کیلئے بکنگ عارضی طور پر دستیاب نہیں تھی، جبکہ ان شہروں کیلئے اکتوبر 24 اور 25 تک پروازوں کے انتخاب محدود دکھائے گئے۔
دوسری جانب کراچی، فیصل آباد، ملتان، کوئٹہ اور سیالکوٹ کیلئے بکنگ سروس معمول کے مطابق دستیاب رہی۔
کمپنی نے مسافروں کو پیش آنے والی مشکلات پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں جاری فوجی کشیدگی کے باعث پروازوں کا آپریشن محدود صلاحیت کے تحت چلایا جا رہا ہے۔
فلائی دبئی نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ائیرپورٹ روانگی سے قبل اپنی پروازوں کی تازہ صورتحال اور آپریشنل اپ ڈیٹس ضرور چیک کریں کیونکہ بعض فضائی راستوں کی تبدیلی کے باعث سفر کا دورانیہ اور دبئی میں ٹرانزٹ وقت بڑھ سکتا ہے۔
یو اے ای کی فضائی حدود مکمل بحالی کے بعد فلائی دبئی سمیت دیگر اماراتی ایئرلائنز مختلف ممالک کیلئے اپنے روٹس میں توسیع بھی کر رہی ہیں۔







