
خلیج اردو
دبئی میں العلایس اسٹریٹ پر شیخ زاید بن حمدان برج کے قریب مزدوروں کی بس اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 19 افراد زخمی ہوگئے۔ دبئی پولیس کے مطابق بس تکنیکی خرابی کے باعث اچانک سڑک کے درمیان رک گئی تھی جس کے بعد پیچھے سے آنے والا ٹرک اس سے جا ٹکرایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ٹرک ڈرائیور نے مناسب فاصلہ برقرار نہیں رکھا اور توجہ نہ دینے کے باعث حادثہ پیش آیا۔ زخمیوں میں آٹھ افراد کی حالت تشویشناک، دو کی درمیانی نوعیت جبکہ نو افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
دبئی پولیس کے ٹریفک شعبے کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جمعہ سالم بن سویدان نے کہا کہ حادثے کے فوراً بعد ٹریفک اہلکار، ریسکیو ٹیمیں اور حادثاتی تحقیقاتی یونٹس موقع پر پہنچ گئے تھے تاکہ امدادی کارروائیاں اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جاسکے۔
پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا کہ سڑک کے درمیان گاڑی روکنا سنگین حادثات کی بڑی وجہ بن رہا ہے۔ حکام کے مطابق گاڑیوں میں فنی خرابی، ایندھن ختم ہونے یا ٹائر خراب ہونے کی صورت میں فوری طور پر پولیس سے رابطہ کرنا چاہیے۔
دبئی پولیس نے بتایا کہ سڑک کے درمیان گاڑی روکنے پر ایک ہزار درہم جرمانہ اور چھ بلیک پوائنٹس جبکہ ٹریفک میں رکاوٹ ڈالنے پر پانچ سو درہم جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
حکام نے ڈرائیورز کو ہدایت کی کہ خرابی یا حادثے کی صورت میں ہیزرڈ لائٹس آن کریں، مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کریں، وارننگ ٹرائینگل رکھیں اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔ وزارت داخلہ کے 2025 کے اعداد و شمار کے مطابق کم فاصلہ رکھنے کی خلاف ورزی گزشتہ برس متحدہ عرب امارات میں 849 ٹریفک حادثات کی وجہ بنی۔







