متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں 17 مئی کو ذوالحجہ کا چاند دیکھا جائے گا، فلکیاتی مرکز نے 27 مئی 2026 کو عیدالاضحیٰ ہونے کا امکان ظاہر کردیا

خلیج اردو
دنیا بھر کے مسلم ممالک میں 17 مئی 2026 بروز اتوار ذوالحجہ 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کی کوشش کی جائے گی، جبکہ متحدہ عرب امارات کے فلکیاتی مرکز نے پیشگوئی کی ہے کہ بیشتر اسلامی ممالک میں 27 مئی 2026 بروز بدھ عیدالاضحیٰ منائے جانے کا امکان ہے۔

فلکیاتی مرکز کے مطابق اگر 17 مئی کو چاند نظر آگیا تو 18 مئی بروز پیر ذوالحجہ کا پہلا دن ہوگا۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اس روز مشرقی ایشیا، جنوبی افریقہ اور جنوبی جنوبی امریکہ میں دوربین کے ذریعے چاند دیکھا جاسکے گا، جبکہ وسطی اور مغربی ایشیا، شمالی افریقہ اور امریکا کے بیشتر علاقوں میں چاند آنکھ سے بھی نظر آنے کا امکان ہے۔

ابوظبی میں غروبِ آفتاب کے بعد چاند تقریباً 58 منٹ تک افق پر موجود رہے گا جبکہ اس وقت اس کی عمر 18 گھنٹے 45 منٹ ہوگی۔ مکہ مکرمہ میں چاند کی عمر 19 گھنٹے 22 منٹ، عمان اور بیت المقدس میں 19 گھنٹے 55 منٹ جبکہ قاہرہ میں 20 گھنٹے ہوگی۔

فلکیاتی مرکز کے مطابق ابوظبی، مکہ مکرمہ، عمان، بیت المقدس، قاہرہ اور رباط میں چاند کو آنکھ سے دیکھنا نسبتاً آسان ہوگا۔

ماہرین نے وضاحت کی کہ صرف چاند کی عمر یا غروبِ آفتاب کے بعد اس کے افق پر رہنے کا دورانیہ کافی نہیں ہوتا بلکہ چاند اور سورج کے درمیان زاویائی فاصلہ اور افق سے بلندی بھی رویتِ ہلال پر اثر انداز ہوتے ہیں۔

فلکیاتی مرکز نے بتایا کہ دنیا کے مختلف حصوں میں چاند کی رویت کے امکانات کو مختلف رنگوں سے ظاہر کیا گیا ہے۔ سبز رنگ والے علاقوں میں چاند آنکھ سے واضح طور پر دیکھا جاسکے گا، جبکہ نیلے علاقوں میں صرف دوربین کے ذریعے رویت ممکن ہوگی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button