متحدہ عرب امارات

دبئی سفاری پارک میں شیروں کے سامنے ناشتہ کرنے کا منفرد تجربہ متعارف، جنگلی حیات اور نایاب جانوروں کے قریب جانے کا موقع ملنے لگا

خلیج اردو
دبئی سفاری پارک نے سیاحوں اور رہائشیوں کیلئے ایک منفرد تجربہ متعارف کرایا ہے جہاں لوگ شیروں کے باڑے کے قریب بیٹھ کر ناشتہ کرسکتے ہیں اور جنگلی حیات کو چند قدم کے فاصلے سے دیکھ سکتے ہیں۔

“ڈائن اِن دی وائلڈ” نامی اس خصوصی پروگرام میں مہمانوں کو شہری شور و غل سے دور فطری ماحول میں ناشتہ کروایا جاتا ہے، جہاں گاڑیوں اور کافی مشینوں کی آوازوں کے بجائے شیروں کی دھاڑ، پرندوں کی چہچہاہٹ اور درختوں کی سرسراہٹ سنائی دیتی ہے۔

یہ تجربہ صرف ناشتے تک محدود نہیں بلکہ اس میں پارک کے مختلف حصوں کا رہنمائی کے ساتھ دورہ بھی شامل ہے، جہاں شرکاء کو جانوروں کی دیکھ بھال، تحفظِ جنگلی حیات اور افزائش کے پروگراموں کے بارے میں معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔

اس موقع پر میڈیا نمائندوں کو پارک کے ویٹرنری اور حیوانی ماہرین سے ملاقات کا موقع بھی دیا گیا، جو تین ہزار سے زائد جانوروں کی دیکھ بھال پر مامور ہیں۔ نمائندوں کو سفید گینڈے کے نومولود بچے “سلام” کو قریب سے دیکھنے کی خصوصی اجازت بھی دی گئی۔

دبئی سفاری پارک کے ویٹرنری اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر مراد مصطفیٰ نے بتایا کہ بیرونِ ملک سے آنے والے تمام جانوروں کو پہلے قرنطینہ میں رکھا جاتا ہے، جہاں ان کے طبی ٹیسٹ کیے جاتے ہیں تاکہ کسی بھی بیماری یا انفیکشن سے محفوظ ہونے کی تصدیق ہوسکے۔

انہوں نے بتایا کہ مختلف اقسام کے جانور 30 سے 90 دن تک قرنطینہ میں رہتے ہیں جبکہ ماہرین خون اور فضلے کے نمونوں کے ذریعے حمل کی نگرانی بھی کرتے ہیں۔ ان کے مطابق سفید گینڈے کے بچے “سلام” کی پیدائش بھی جدید طبی نگرانی کے باعث ممکن ہوئی۔

ڈاکٹر مراد مصطفیٰ نے انکشاف کیا کہ بعض بنگال ٹائیگرز کو بغیر بے ہوشی کے خون کے نمونے دینے کی تربیت دی گئی ہے تاکہ جانوروں پر دباؤ کم سے کم رکھا جاسکے۔

پارک کے کیوریٹر میگوئل سانتوس نے کہا کہ عوام صرف تفریحی پہلو دیکھتے ہیں، جبکہ اصل کام جانوروں کی فلاح، افزائش اور عالمی اداروں کے ساتھ تحفظِ جنگلی حیات کے منصوبوں پر مشتمل ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دبئی سفاری پارک کو حال ہی میں عالمی تنظیم “ایسوسی ایشن آف زوز اینڈ ایکویریمز” کی منظوری بھی حاصل ہوئی ہے، جس کے بعد یہ مشرقِ وسطیٰ کے چند منتخب عالمی معیار کے چڑیا گھروں میں شامل ہوگیا ہے۔

پارک انتظامیہ کے مطابق موسمِ گرما سے قبل 31 مئی کو سیزن 7 کے اختتام تک “ڈائن اِن دی وائلڈ” جیسے خصوصی پروگرام شہریوں کیلئے منفرد تفریح اور قدرتی ماحول سے قربت کا بہترین موقع فراہم کررہے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button