متحدہ عرب امارات

دبئی میں عیدالاضحیٰ کیلئے 5 سرکاری مذبح خانے مختص، اوقاتِ کار اور مقامات جاری

خلیج اردو
دبئی میونسپلٹی نے عیدالاضحیٰ 2026 کے موقع پر قربانی کے جانوروں کے لیے پانچ سرکاری مذبح خانوں کی منظوری دے دی ہے، جہاں جدید سہولیات کے ساتھ فی گھنٹہ ایک ہزار جانوروں تک قربانی کی گنجائش موجود ہوگی۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ صرف منظور شدہ مراکز پر ہی قربانی کروائی جائے تاکہ صحت اور ماحولیات کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

دبئی میں قربانی کے لیے مختص مراکز میں القصیص مذبح خانہ، القصیص ایکسپریس مذبح خانہ، القوز مذبح خانہ، اللیسلی مذبح خانہ اور حتا مذبح خانہ شامل ہیں۔ میونسپلٹی کے مطابق ان مراکز پر قربانی کے تمام مراحل، جانوروں کے ویٹرنری معائنے سے لے کر گوشت کی تیاری اور پیکنگ تک، ماہر عملے کی نگرانی میں مکمل کیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق قربانی کے انتظامات کیلئے تقریباً 45 طبی اور ویٹرنری ماہرین، 30 سپروائزرز، 205 سے زائد قصاب اور 165 کارکن تعینات کیے گئے ہیں۔ جدید جراثیم کش نظام اور صفائی کے خصوصی انتظامات کے ذریعے گوشت کے معیار اور جانوروں کی صحت کو یقینی بنایا جائے گا۔

سلطان الطاہر نے کہا کہ دبئی کے تمام سرکاری مذبح خانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ، آسان اور معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔ ان کے مطابق رواں سال تقریباً 20 ہزار قربانی کے جانور متوقع ہیں جن میں 19 ہزار 500 چھوٹے جبکہ 500 بڑے جانور شامل ہوں گے۔

دبئی میونسپلٹی نے شہریوں کو اسمارٹ ایپس استعمال کرنے کی بھی ترغیب دی ہے، جہاں قربانی کے جانور خریدنے، ذبح کروانے، گوشت تیار کروانے اور گھر تک ترسیل کی مکمل سہولت دستیاب ہوگی۔

یومِ عرفہ یعنی 26 مئی کو القصیص، القوز اور اللیسلی مذبح خانے صبح 7 بجے سے شام 4 بجے تک جبکہ حتا مذبح خانہ شام 6 بجے تک کھلا رہے گا۔ عید کے پہلے تین دن 27، 28 اور 29 مئی کو تمام مذبح خانے صبح 7 بجے سے شام 4 بجے تک کام کریں گے۔ عید کے چوتھے دن 30 مئی کو القوز، اللیسلی اور حتا مذبح خانے دوپہر 2 بجے تک جبکہ القصیص مذبح خانہ شام 7 بجے تک کھلا رہے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button