متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں بھارتی پاسپورٹ مراکز کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ، نئی سہولتوں سے انتظار کا وقت کم ہونے کا امکان

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں بھارتی سفارتی خدمات کے نئے فراہم کنندہ الہند گروپ نے اعلان کیا ہے کہ یکم جولائی سے قونصلر خدمات سنبھالنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ ملک بھر میں 16 نئے پاسپورٹ مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔

الہند گروپ کے حکام کے مطابق نئی شاخیں ابوظبی، دبئی، کلبا، خورفکان اور فجیرہ سمیت مختلف امارات میں قائم ہوں گی۔ دبئی کے بر دبئی علاقے میں سب سے بڑا مرکز بنایا جا رہا ہے جہاں 45 سے زائد کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ انتظار کا وقت نمایاں طور پر کم کیا جا سکے۔

کمپنی کے مطابق تمام دفاتر کو 15 جون تک فعال بنانے کی کوشش جاری ہے تاکہ یکم جولائی سے مکمل قونصلر خدمات فراہم کی جا سکیں۔ بھارتی سفارتخانے نے حال ہی میں الہند ٹورز اینڈ ٹریولز کو قونصلر سپورٹ سروسز کا نیا کنٹریکٹ دیا تھا، جبکہ سابقہ ادارہ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے یہ خدمات انجام دے رہا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ نومولود بچوں کے پاسپورٹ کے لیے والدین بغیر اپائنٹمنٹ کے بھی مرکز جا سکیں گے۔ اس کے علاوہ بھارتی ویزا حاصل کرنے والے اماراتی شہریوں کے لیے عربی زبان جاننے والے عملے کے خصوصی کاؤنٹرز بھی قائم کیے جائیں گے۔

الہند گروپ نے یہ بھی بتایا کہ گھر بیٹھے پاسپورٹ تجدید کی نئی سہولت آزمائشی مرحلے میں ہے، جس کے تحت درخواست گزار آن لائن تفصیلات جمع کرا سکیں گے جبکہ بائیومیٹرک اور دیگر معلومات گھر پر ہی حاصل کی جائیں گی۔

کمپنی کے مطابق 400 سے زائد قونصلر عملہ بھرتی کیا جا چکا ہے اور خدمات کے اخراجات کو کم رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button