متحدہ عرب امارات

ابوظبی میں الدار ایجوکیشن اسکولز میں 300 سے زائد اماراتی اساتذہ اور عملہ بھرتی کرنے کا اعلان

خلیج اردو
ابوظبی میں الدار ایجوکیشن کے زیرِ انتظام اسکولوں میں متحدہ عرب امارات کے شہریوں کی بھرتیوں میں نمایاں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت 300 سے زائد اماراتی شہریوں کو ملازمتیں دی جائیں گی۔

یہ پیش رفت ابوظبی محکمہ تعلیم و علم اور الدار ایجوکیشن کے درمیان ایک نئے اسٹریٹجک معاہدے کے بعد سامنے آئی ہے، جسے نجی تعلیمی شعبے اور سرکاری ادارے کے درمیان اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ قرار دیا جا رہا ہے۔

معاہدے کے تحت 100 سے زائد نئے اماراتی اساتذہ کو تدریسی شعبے میں شامل کیا جائے گا، جبکہ آئندہ تین برس کے دوران تمام سوشل اسٹڈیز اساتذہ کی آسامیاں اماراتی شہریوں سے پُر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

الد ار ایجوکیشن حکام کے مطابق خصوصی توجہ وزارتِ تعلیم کے مضامین، خصوصی ضروریات کے حامل طلبہ، فاؤنڈیشن اسٹیج اور کنڈرگارٹن کلاسز پر دی جائے گی۔

معاہدے کے تحت “کن معلم” پروگرام مکمل کرنے والے اماراتی امیدواروں کیلئے باقاعدہ بھرتی کا راستہ بھی بنایا گیا ہے۔ یہ پروگرام ایمریٹس کالج فار ایڈوانسڈ ایجوکیشن کے تعاون سے پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ اِن ایجوکیشن فراہم کرتا ہے۔

الد ار ایجوکیشن ہر سال 30 انٹرن شپ مواقع اور 40 کلاس روم اسسٹنٹ آسامیاں بھی فراہم کرے گا تاکہ نوجوان اماراتی شہریوں کو تدریسی شعبے میں عملی تجربہ دیا جا سکے۔

حکام کے مطابق منصوبے پر عملدرآمد اور کارکردگی کی نگرانی کیلئے مشترکہ اسٹیئرنگ کمیٹی بھی قائم کی جائے گی، جبکہ اس پروگرام کو نافس اور وزارتِ انسانی وسائل کی قومی پالیسیوں سے بھی ہم آہنگ رکھا جائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button