متحدہ عرب امارات

شارجہ کے رہائشی اپارٹمنٹ میں آگ، نومولود سمیت خاندان محفوظ طریقے سے ریسکیو

خلیج اردو
شارجہ کے علاقے النسیریہ میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ میں آگ لگنے کے واقعے میں نومولود بچی سمیت ایک خاندان کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا

شارجہ سول ڈیفنس کے مطابق واقعہ جمعہ کی صبح 1:35 بجے رپورٹ ہوا جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔

فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے سامنان اور المینا اسٹیشنز سے پہنچ کر آپریشن شروع کیا اور اپارٹمنٹ کی دوسری منزل پر لگی آگ پر قابو پایا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق آگ ایئرکنڈیشننگ یونٹ میں شارٹ سرکٹ یا خرابی کے باعث لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کمرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ریسکیو ٹیموں نے اپارٹمنٹ میں پھنسے ہوئے خاندان کو، جس میں ایک نومولود بچی بھی شامل تھی، بحفاظت باہر نکال لیا۔

حکام کے مطابق آگ کو بروقت قابو میں لے کر قریبی اپارٹمنٹس تک پھیلنے سے روک لیا گیا، جبکہ کولنگ آپریشن مکمل کر کے دوبارہ آگ بھڑکنے کے خدشے کو ختم کیا گیا۔

شارجہ سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر یوسف عبید ہرمول الشامسی نے کہا کہ فوری ردعمل اور مؤثر کارروائی نے ایک بڑی انسانی تباہی سے بچا لیا۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ ہمیشہ اولین ترجیح ہے اور ادارہ ہر وقت کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button