متحدہ عرب امارات

جعلی گوگل میٹ کالز کے ذریعے اماراتی شناختی کارڈ اور بینک معلومات چوری کرنے کی نئی واردات، یو اے ای حکام کا سخت انتباہ

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے حکام نے شہریوں اور رہائشیوں کو ایک نئے اور پیچیدہ آن لائن فراڈ سے خبردار کیا ہے جس میں دھوکے باز خود کو اماراتی وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سکیورٹی (آئی سی پی) کے اہلکار ظاہر کر کے ذاتی معلومات اور رقم ہتھیانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

حکام کے مطابق فراڈیے مفت ای میل سروسز جیسے جی میل کے ذریعے جعلی دعوت نامے بھیجتے ہیں اور گوگل میٹ پر رابطہ کر کے دعویٰ کرتے ہیں کہ متاثرہ شخص کے اماراتی شناختی کارڈ، رہائشی فائل یا سرکاری ریکارڈ سے متعلق واجبات باقی ہیں جن کی فوری ادائیگی ضروری ہے۔

کال کے دوران متاثرین سے اماراتی شناختی کارڈ، پاسپورٹ، رابطہ معلومات اور دیگر حساس ذاتی تفصیلات طلب کی جاتی ہیں۔ بعد ازاں انہیں ذاتی بینک اکاؤنٹس میں رقم منتقل کرنے کی ہدایت دی جاتی ہے اور عدم ادائیگی کی صورت میں جرمانوں یا قانونی کارروائی کی دھمکی دی جاتی ہے۔

بعض معاملات میں دھوکے باز شناخت کی تصدیق یا سرکاری ریکارڈ اپ ڈیٹ کرنے کا بہانہ بنا کر شہریوں کو معلومات فراہم کرنے پر مجبور کرتے ہیں اور خبردار کرتے ہیں کہ تعاون نہ کرنے پر سرکاری خدمات محدود کی جا سکتی ہیں۔

دبئی پولیس کے سائبر کرائم شعبے کے ڈائریکر میجر عبداللہ الشحی نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ سرکاری اداروں کے نام پر موصول ہونے والی ہر کال، ای میل یا پیغام کی تصدیق صرف سرکاری ذرائع سے کی جائے۔

شارجہ پولیس کے محکمہ تفتیش کے سربراہ بریگیڈیئر عمر احمد ابو الزود نے بھی خبردار کیا ہے کہ شہری کسی نامعلوم شخص کے ساتھ اپنی ذاتی، مالیاتی یا شناختی معلومات ہرگز شیئر نہ کریں کیونکہ سائبر مجرم معتبر اداروں کے نام استعمال کر کے لوگوں کو دھوکا دیتے ہیں۔

آئی سی پی کے ایک سینئر عہدیدار نے واضح کیا کہ ادارہ کبھی بھی گوگل میٹ، ذاتی ای میل اکاؤنٹس یا سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز کے ذریعے اماراتی شناختی کارڈ کی تفصیلات، بینک معلومات یا ادائیگیوں کا مطالبہ نہیں کرتا۔ تمام سرکاری فیسیں صرف منظور شدہ اور سرکاری ذرائع سے وصول کی جاتی ہیں۔

حکام نے کہا ہے کہ گوگل میٹ پر اچانک دعوت، شناختی کارڈ کی کاپی طلب کرنا، فوری ادائیگی کا مطالبہ اور جی میل، یاہو یا ہاٹ میل جیسے عمومی ای میل پتوں سے رابطہ ہونا فراڈ کی واضح نشانیاں ہیں۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ مشکوک کال، ای میل یا آن لائن میٹنگ موصول ہونے پر فوری رابطہ منقطع کریں اور واقعے کی اطلاع پولیس کے سائبر کرائم پلیٹ فارمز پر دیں۔

ماہرین کے مطابق ذاتی معلومات کا تحفظ ہی سائبر فراڈ کے خلاف پہلی دفاعی دیوار ہے، جبکہ بڑھتے ہوئے آن لائن دھوکوں کے پیش نظر عوامی آگاہی پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو گئی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button