
خلیج اردو
دبئی میں جائیداد کے کرایہ دار اب اسمارٹ رینٹل انڈیکس کی مدد سے کرایوں میں کمی یا مناسب شرح پر تجدید کیلئے زیادہ مؤثر انداز میں مذاکرات کر رہے ہیں، رئیل اسٹیٹ ماہرین نے تصدیق کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دبئی لینڈ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جنوری 2025 میں متعارف کرایا گیا یہ انڈیکس عمارتوں کی تکنیکی حالت، سہولیات، لوکیشن اور دیکھ بھال کے معیار کی بنیاد پر کرائے کا ایک شفاف معیار فراہم کرتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نظام کے بعد کرائے داروں کو اب وہی ڈیٹا دستیاب ہے جو مالکان استعمال کرتے ہیں، جس سے کرایوں میں اضافے یا کمی کا درست اندازہ لگانا آسان ہو گیا ہے۔
رئیل اسٹیٹ ماہر روہت بچانی کے مطابق اس انڈیکس نے کرایہ داروں اور مالکان کے درمیان مذاکرات کو زیادہ شفاف اور کم تنازعہ بنا دیا ہے، جبکہ کچھ علاقوں میں کرائے مستحکم یا کم بھی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب ماہر الویس کوگنڈران نے کہا ہے کہ بعض علاقوں میں کرائے میں کمی ایک قدرتی اصلاح ہے، اور اب مالکان کو اپنی عمارتوں کے معیار کو بہتر بنانے کی ترغیب بھی مل رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق نئی رہائشی سپلائی اور مارکیٹ میں طلب کی رفتار میں کمی کے باعث اپارٹمنٹ کرائے کچھ حد تک کم ہوئے ہیں، جبکہ ولاز کے کرائے اب بھی نسبتاً زیادہ ہیں۔
اسمارٹ رینٹل انڈیکس نے دبئی کی رینٹل مارکیٹ کو زیادہ شفاف اور ڈیٹا پر مبنی بنا دیا ہے، جس سے کرایہ داروں کی پوزیشن پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئی ہے۔







