
خلیج اردو
دبئی کی مصروف شاہراہ شیخ زاید روڈ پر واقع ایک عمارت میں جمعرات کی علی الصبح آگ بھڑک اٹھی، تاہم دبئی سول ڈیفنس کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر مکمل قابو پا لیا۔
حکام کے مطابق آگ عمارت کے اس حصے میں لگی جہاں مرمت اور دیکھ بھال کا کام جاری تھا۔ سول ڈیفنس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی اور بعد ازاں مقررہ ضابطوں کے مطابق کولنگ آپریشن بھی مکمل کیا۔
دبئی سول ڈیفنس نے تصدیق کی ہے کہ واقعے میں کسی قسم کی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ لگنے کے بعد عمارت سے دھوئیں کے گہرے بادل بلند ہوتے دیکھے گئے، جس کے باعث علاقے میں تشویش کی فضا پیدا ہو گئی تھی۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس اور ہنگامی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جبکہ متعدد پولیس گاڑیاں بھی جائے وقوعہ پر موجود رہیں۔
حفاظتی اقدامات کے تحت حکام نے عمارت کے اطراف میں ٹریفک اور پیدل آمدورفت کو عارضی طور پر محدود کر دیا تاکہ ریسکیو اور آگ بجھانے کی کارروائیاں بلا رکاوٹ جاری رہ سکیں۔
دبئی سول ڈیفنس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث آگ کو پھیلنے سے روک لیا گیا اور کسی بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔







