متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرنے کا امکان، گرمی کے باوجود بارشوں کی پیش گوئی

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں موسمِ گرما کی شدت میں مزید اضافے کے ساتھ آئندہ چند ماہ کے دوران بعض علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر سکتا ہے، جبکہ نمی میں اضافے اور مشرقی و پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا بھی امکان ہے۔

قومی مرکز برائے موسمیات کے قائم مقام سربراہ محکمہ موسمیات عیسیٰ السریدی کے مطابق ملک میں موسمِ گرما کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے اور اس دوران گرم اور مرطوب موسم برقرار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مغربی علاقوں میں درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بلند رہنے کی توقع ہے، تاہم 50 ڈگری سے زائد درجہ حرارت کی صورتحال طویل عرصے تک برقرار نہیں رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ تک ملک کے مختلف حصوں میں بارش برسانے والے بادل بننے کا امکان ہے۔ مقامی طور پر "رواح” کہلانے والے موسمی دور کے آغاز کے ساتھ گرج چمک والے بادل، ہلکی بارشیں اور ہفتے کے آخر تک درجہ حرارت میں معمولی کمی متوقع ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بارشوں کا زیادہ امکان مشرقی اور پہاڑی علاقوں میں ہوگا، جبکہ ابوظہبی، دبئی اور شارجہ جیسے بڑے شہروں میں نمایاں بارش کے بجائے زیادہ تر بادل چھائے رہنے اور کہیں کہیں ہلکی بارش ہونے کی توقع ہے۔

موسمیاتی حکام کے مطابق جولائی اور اگست میں گرمی، فضائی نمی اور پہاڑی جغرافیہ کے باعث مقامی سطح پر گرج چمک والے بادل بنتے ہیں، جو محدود علاقوں میں بارش کا سبب بنتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی مون سون کا اثر محدود ہوتا ہے جبکہ بحیرہ عرب سے آنے والی نمی بادلوں کی تشکیل میں زیادہ اہم کردار ادا کرتی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button