
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں اتحاد ریل کی مسافر ٹرین سروس کے لیے بکنگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ افتتاحی مرحلے کے تحت مسافروں کو کرایوں پر 50 فیصد تک خصوصی رعایت دی جا رہی ہے۔ ابوظہبی اور فجیرہ کے درمیان سفر کے لیے کمفرٹ کلاس کا کرایہ 55 درہم جبکہ پریمیم کلاس کا کرایہ 120 درہم سے شروع ہو رہا ہے۔
اتحاد ریل کے مطابق ابوظہبی اور فجیرہ کے درمیان پہلی مسافر سروس 30 جون 2026 کو شروع ہوگی۔ یہ منصوبہ ملک گیر ریلوے نیٹ ورک کا پہلا مرحلہ ہے، جسے بعد میں دبئی، الذید، الظفرہ اور شارجہ تک توسیع دی جائے گی۔
سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق ابوظہبی سے فجیرہ کے لیے روزانہ تین براہِ راست ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ پہلی ٹرین صبح 8 بج کر 19 منٹ پر روانہ ہوگی جبکہ دیگر سروسز دوپہر 1 بج کر 53 منٹ اور شام 6 بج کر 39 منٹ پر دستیاب ہوں گی۔
فجیرہ سے ابوظہبی کے لیے پہلی ٹرین صبح 5 بج کر 34 منٹ پر روانہ ہوگی، جبکہ دیگر ٹرینیں صبح 10 بج کر 59 منٹ اور شام 5 بج کر 28 منٹ پر چلیں گی۔ دونوں شہروں کے درمیان سفر کا دورانیہ صرف ایک گھنٹہ 45 منٹ ہوگا۔
ابوظہبی ریلوے اسٹیشن محمد بن زاید سٹی میں جبکہ فجیرہ اسٹیشن الہلال سٹی میں قائم کیا گیا ہے۔ دونوں اسٹیشن روزانہ صبح 5 بجے سے رات 11 بجے تک کھلے رہیں گے۔
مسافروں کے لیے اسٹیشنوں پر ٹکٹ مشینیں، پارکنگ، نماز کی جگہ، انتظار گاہیں، ابتدائی طبی امداد، خاندانی انتظار گاہ، کھانے پینے کی دکانیں، ٹیکسی اور بس سروس سمیت متعدد سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
اتحاد ریل کے مطابق ٹرینوں میں نشست کی ضمانت، وائی فائی، ہر نشست پر بجلی کی سہولت اور آرام دہ سفری ماحول مہیا کیا جائے گا۔ مسافر بیڑے میں 13 جدید ٹرینیں شامل ہیں اور ہر ٹرین تقریباً 400 مسافروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
منصوبے کے تحت 30 ستمبر 2026 کو دبئی اور الذید کے اسٹیشن فعال ہوں گے، 30 دسمبر کو الظفرہ اور 30 مارچ 2027 کو شارجہ اسٹیشن کے افتتاح کے ساتھ نیٹ ورک مزید وسعت اختیار کرے گا۔







