
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں اتحاد ریل کی مسافر ٹرین سروس 30 جون سے شروع ہونے جا رہی ہے، جس کے بعد ابوظہبی، دبئی اور فجیرہ کے درمیان سفر نہ صرف تیز بلکہ زیادہ قابلِ اعتماد بھی ہو جائے گا۔ نئی ریل سروس خاص طور پر ان مسافروں کے لیے بڑی سہولت ثابت ہوگی جو روزانہ بین الریاستی سفر کرتے ہیں یا عوامی ٹرانسپورٹ پر انحصار کرتے ہیں۔
ابوظہبی سے فجیرہ تک ٹرین کا سفر صرف ایک گھنٹہ 45 منٹ میں مکمل ہوگا، جبکہ یہی فاصلہ گاڑی کے ذریعے تقریباً ڈھائی گھنٹے اور بس کے ذریعے پانچ گھنٹے سے زیادہ وقت میں طے ہوتا ہے۔ اس طرح عوامی ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والے مسافروں کے لیے تین گھنٹے سے زیادہ وقت کی بچت ممکن ہوگی، جبکہ پہلی مرتبہ دونوں شہروں کے درمیان براہِ راست ریل رابطہ بھی قائم ہوگا۔
دبئی کے لیے ٹرین سروس 30 ستمبر سے شروع ہوگی، جس کے بعد ابوظہبی سے دبئی کا سفر صرف 57 منٹ میں مکمل ہوگا۔ موجودہ حالات میں گاڑی کے ذریعے یہ سفر ایک گھنٹہ 15 منٹ سے ایک گھنٹہ 45 منٹ جبکہ بس کے ذریعے تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہتا ہے۔ رش کے اوقات میں ٹریفک سے بچاؤ کے باعث ٹرین روزانہ سفر کرنے والے ملازمین، طلبہ اور کاروباری افراد کے لیے زیادہ موزوں متبادل بنے گی۔
اسی طرح دبئی سے فجیرہ تک ٹرین کا سفر صرف 69 منٹ میں مکمل ہوگا، جبکہ گاڑی کے ذریعے یہ سفر 90 منٹ سے زیادہ اور بس کے ذریعے دو سے تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہ سکتا ہے۔ اس سے فجیرہ تک ہفتہ وار تفریحی سفر، خاندانی ملاقاتیں اور کاروباری آمدورفت مزید آسان ہو جائے گی۔
اتحاد ریل نے واضح کیا ہے کہ اس کی موبائل ایپ میں جرنی پلانر کی سہولت موجود ہوگی، جس کے ذریعے مسافر گھر سے منزل تک مکمل سفر کی منصوبہ بندی کر سکیں گے۔ ایپ میں ٹیکسی، آن لائن ٹیکسی سروس، بس، شٹل سروس، میٹرو اور پیدل راستوں سمیت مختلف سفری آپشنز بھی دکھائے جائیں گے۔
ابوظہبی میں محمد بن زاید سٹی ریلوے اسٹیشن سے شہر کے مختلف علاقوں تک 10 درہم کرائے کی شٹل بس سروس بھی فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ اتحاد ریل نے یانگو گروپ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے تاکہ ریلوے اسٹیشنوں تک آنے اور وہاں سے منزل تک جانے کے لیے مربوط سفری سہولت فراہم کی جا سکے، جبکہ آئندہ مرحلے میں ٹرین ٹکٹ اور کنیکٹنگ سواری ایک ہی ایپ کے ذریعے بک کرانے کی سہولت بھی متعارف کرائی جائے گی۔
یہ منصوبہ متحدہ عرب امارات میں بین الریاستی سفر کو زیادہ تیز، منظم اور ماحول دوست بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔







