
خلیج اردو
ابوظہبی کی فوجداری عدالت نے سڑک پر خطرناک انداز میں گاڑی چلا کر اپنی اور دیگر شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے ایک ڈرائیور کو چھ ماہ قید، مجموعی طور پر 70 ہزار درہم جرمانہ اور ایک سال کے لیے ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کی سزا سنا دی۔
عدالت نے قرار دیا کہ ملزم نے جان بوجھ کر عوامی سڑک پر کئی بار خطرناک انداز میں گاڑی لہراتے ہوئے ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی، جس سے دیگر سڑک استعمال کرنے والوں کی جان و مال کو براہِ راست خطرہ لاحق ہوا۔
عدالت نے 50 ہزار درہم جرمانے کے علاوہ مزید 20 ہزار درہم بطور گاڑی کی مالیت ادا کرنے کا بھی حکم دیا، کیونکہ جرم میں استعمال ہونے والی گاڑی کسی دوسرے شخص کی ملکیت تھی۔ اس طرح ملزم پر مجموعی مالی جرمانہ 70 ہزار درہم عائد کیا گیا، جبکہ اس کا ڈرائیونگ لائسنس قید کی سزا مکمل ہونے کے بعد ایک سال کے لیے معطل رہے گا۔
ابوظہبی پبلک پراسیکیوشن نے پولیس کی جانب سے ملزم کی گرفتاری اور تفتیش مکمل ہونے کے فوراً بعد مقدمہ عدالت میں بھیج دیا تھا۔ تفتیش کے دوران پولیس رپورٹس، تحقیقاتی ریکارڈ، تکنیکی شواہد اور نگرانی کے کیمروں کی ویڈیوز عدالت میں پیش کی گئیں، جن کی بنیاد پر عدالت نے ملزم کو قصوروار قرار دیا۔
فیصلے کے بعد پبلک پراسیکیوشن نے تمام ڈرائیوروں پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سڑکوں پر اپنی اور دوسروں کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ ادارے نے خبردار کیا کہ خطرناک ڈرائیونگ اور اس نوعیت کی دیگر خلاف ورزیوں پر متحدہ عرب امارات کے قوانین کے تحت سخت قانونی کارروائی اور سزائیں دی جائیں گی۔







